رمضان بازاروں میں صوبائی وزراء اور اعلیٰ افسروں کے اچانک دورے

وزیرمعدنیات چوہدری شیر علی کا راولپنڈی کے رمضان بازاروں کا دورہ‘ انتظامات پر اظہاراطمینان صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد کے مختلف رمضان بازاروں کے اچانک دورے‘ سٹالز کا جائزہ اعلیٰ صوبائی افسروں کے لودھراں‘ شیخوپورہ‘ گجرات ا ور رحیم یار خان رمضان بازاروں کے اچانک دورے گجرات میں آئل اور گھی پر ڈسکاؤنٹ نہ دینے‘ پرائس مجسٹریٹ کی عدم موجودگی اور ناقص سکیورٹی انتظامات کا نوٹس

پیر 6 جولائی 2015 23:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کے رمضان بازاروں میں اشیائے صرف کے نرخ‘ معیار اور رسد کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی وزراء اور اعلیٰ افسران نے اچانک چیکنگ کی۔ صوبائی وزیرمعدنیات چوہدری شیر علی نے راولپنڈی کے ڈھوک حسو اور شمس آباد رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیرنے آٹا‘ دال‘ سبزیوں‘ پھلوں کے سٹالوں کا جائزہ لیا اور صارفین سے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔

شہریوں نے رمضان بازار کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ صوبائی وزیرمعدنیات نے اشیاء کے نرخنامے نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کا حکم دیا۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے ننکانہ صاحب اور دیگر شہروں میں رمضان بازاروں کا اچانک معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرجنرل لیبر ویلفیئر پنجاب نے رمضان بازار لودھراں‘ دنیا پور اور کہروڑ پکا کے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا اور رمضان بازاروں کے انتظامات کی چیکنگ کی۔

سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر الطاف ایزدخان نے شیخوپورہ میں غلہ منڈی‘ خادم حسین روڈ‘ نیوسبزی منڈی کوٹ عبدالمالک اور امامیہ کالونی کے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر لٹریسی ڈیپارٹمنٹ نے ریلوے روڈ گجرات اور نواحی قصبوں ڈنگہ اور کنجاہ کے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا اور رمضان بازار میں گھی اور آئل پر 10 روپے ڈسکاؤنٹ نہ دیئے جانے کی نشاندہی کی۔

انہوں نے پرائس مجسٹریٹ کی عدم موجودگی اور سکیورٹی اقدامات کو غیرتسلی بخش قرار دیا۔ ڈی جی وائلڈ لائف خالد ایاز خان نے رحیم یارخان کے میلادچوک‘ پل سکول بازار‘ کوٹ سمابہ اور خان پور کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اور سٹالز پر موجود اشیاء کے نرخ ‘ معیار اور رسد کا جائزہ لیا۔