جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل

اعتکاف میں شرکت کیلئے کوئٹہ ،کراچی،شمالی علاقہ جات اندرون سندھ اور بلوچستان سے قافلے پہنچنا شروع ہو گئے طاہر القادری روزانہ نماز تراویح کے بعد درس قرآن دیں گے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سینکڑوں نوجوان سکیورٹی کی ڈیوٹی دیں گے

پیر 6 جولائی 2015 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ تنظیمات ،شہر اعتکاف2015کے سربراہ شیخ زاہد فیاض نے شہر اعتکاف میں انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جامع المنہاج ٹاؤن شپ اور منہاج گرلز کالج میں بدھ سے شروع ہونے والے اعتکاف کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں خواتین و حضرات الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے ۔

حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اعتکاف میں شرکت کیلئے کوئٹہ ،کراچی،شمالی علاقہ جات اندرون سندھ اور بلوچستان سے قافلے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ۔بیرونی دنیا سے بھی سینکڑوں معتکفین شرکت کر رہے ہیں ۔سیکرٹری جواد حامد نے کہاکہ شدید گرمی ، حبس اور لوڈشیڈنگ جیسے سنگین مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے شہر اعتکاف کیلئے ہیوی ڈیوٹی جنریٹرز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرساجد محمود بھٹی ،رفیق نجم ،طیب ضیاء،شہزاد رسول ،حافظ غلام فرید ،ساجد اصغر ،ڈاکٹر تنویر اعظم،عین الحق بغدادی اور دیگر مرکزی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے ۔ رہنماؤں نے بتایا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سینکڑوں نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی دیں گے۔خواتین اور مردوں کے شہر اعتکاف میں مختلف مقامات پر درجنوں سیکیورٹی کیمرے لگا دئیے گئے ہیں ۔

شدید گرمی سے بچاؤ کیلئے جامع المنہاج کے صحن کے دونوں اطراف درجنوں پنکھے بھی لگا دئیے گئے ہیں۔ہزاروں افراد کے وضو اور سحری و افطاری کیلئے پانی کا وسیع انتظام ہو گا ۔معتکفین کے وضو اور طہارت خانوں کابھی بہترین انتظام کیا گیا ہے۔ہزاروں معتکفین کیلئے 30ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم شہر اعتکاف میں ہمہ وقت موجود ہو گی جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ایمبولینسز بھی شہر اعتکاف میں ہمہ وقت موجودہوں گی۔

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سر پرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اس سال نماز تراویح کے بعد درس قرآن و تصوف دیں گے ۔ڈاکٹر طاہر القادری کے دروس اور خطابات سے استفادہ کیلئے جامع المنہاج اور منہاج گرلز کالج میں تین تین LEDسکرینز لگائی گئی ہیں تا کہ مرد و خواتین معتکفین کو خطابات دیکھنے اور سننے میں آسانی ہو۔منہاج آئی ٹی بیورو کے ذریعے ڈاکٹر طاہر القادری کے خطابات اور شہر اعتکاف میں ہونیوالی دیگر محافل اور سرگرمیوں کو پوری دنیا میں براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا گیا ہے ۔اس سے ساری دنیا میں بسنے والے مسلمان شہر اعتکاف میں ہونیوالے پروگرامز اور روحانی محافل سے مستفید ہو سکیں گے۔