ٹریفک کی روانی مزید بہتر بنانے ،شہریوں کی سہولت کیلئے عیدالفطر تک ٹریفک وارڈنز کی چھٹیوں اور ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی

پیر 6 جولائی 2015 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء)چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہنے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ٹریفک کی روانی میں مزید بہتری اور شہریوں کی سہولت کیلئے عید الفطر تک ٹریفک اہلکاروں کی چھٹیوں اور ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔سی ٹی ا و نے کہا کہ عیدالفطر کے قریب آتے ہی شہر بھر کی مارکیٹوں ،شاپنگ مالز،اور خریداری کے مراکز میں غیر معمولی رش ہوجاتاہے ۔

سٹی ٹریفک پولیس نے افطاری و تراویح کے وقت اور کاروباری مراکزکے گردونواح میں اضافی ڈیوٹی کے انتظامات کیئے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی اور لوگوں کو پارکنگ میں کوئی پرابلم نہ ہو۔طیب حفیظ چیمہ نے عیدالفطر تک تمام ٹریفک سٹاف کی چھٹیوں اور ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ افطاری اور تراویح کے اوقات میں سڑکوں پر موجود رہیں جبکہ اپنے اپنے علاقوں میں واقع مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کے گردونواح میں ٹریفک کی روانی کیلئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کارلاتے ہوئے اقدامات کریں ۔

سی ٹی او نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ رانگ پارکنگ کے خلاف بھرپور کارروائی یقینی بنائیں تاہم پولیس عوام دوستی کے رشتے کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔