پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن و کلچر رانا محمد ارشد کا شہر کے مختلف رمضان بازاروں کا اچانک معائنہ

پیر 6 جولائی 2015 21:43

لاہور ۔6 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن و کلچر رانا محمد ارشد نے پیر کے روز شہر کے مختلف رمضان بازاروں کا اچانک معائنہ کیا- انہوں نے مختلف سٹالز پر جا کر اشیاء کے معیار ، وزن اور قیمتوں کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ خریداری کیلئے آئے ہوئے لوگوں سے سہولیات کے بارے میں معلوم کیا- رانا محمد ارشد نے رمضان بازاروں کے معائنہ کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء سستے داموں فراہم کرنے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے کر تاریخی رمضان پیکج دیاہے جس کا مقصد کم وسیلہ کے حامل افراد کو معاشی ریلیف فراہم کرنا ہے- انہوں نے کہاکہ ہر رمضان بازار کیلئے علیحدہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں - کلوز سرکٹ کیمروں سمیت دیگر ذرائع سے رمضان بازاروں کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جا رہاہے - جس کی نگرانی براہ راست وزیر اعلی خود کر رہے ہیں - انہوں نے کہاکہ حکومت نے آٹا ، چینی ، گھی ، کوکنگ آئل سمیت منتخب اشیاء پر بھاری سبسڈی دی ہے علاوہ ازیں تاجر تنظیموں اور کاشتکاروں کے تعاون سے رمضان بازاروں میں پھل ، سبزی اور دیگر اشیائے خوردونوش سستے داموں فراہم کی جا رہی ہیں - اس بات کا منہ بولتا ثبوت خریداروں کا رش رمضان بازاروں پر اعتماد کا اظہار ہے - انہوں نے کہاکہ آج کا معائنہ اس سلسلے کی کڑی ہے تاکہ حقیقی صورتحال کا جائزہ لیاجاسکے - انہوں نے کہا کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے مذموم عزائم کو رمضان بازاروں کے انعقاد سے پامال کردیاگیا ہے-