پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن جنرل ہسپتال کے عہدیداروں کی پرنسپل سے ملاقات

علاج معالجہ بیماروں کا حق ، انکی جانفشانی سے خدمت طبی عملے کا فرض عین عبادت ہے، پروفیسر خالد محمود

پیر 6 جولائی 2015 21:41

لاہور ۔6 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر خالد محمود نے کہا ہے کہ علاج معالجہ بیماروں کا حق اور ان کی جانفشانی سے خدمت ڈاکٹرز او رپیرا میڈکس کا فرض عین عبادت ہے۔ لہذا ہمیں اپنے مقدس پیشے کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اپنی قابلیت سے لوگوں کو بہرہ ور کرنے کے لئے خوش اخلاقی اور مسکراہٹ کے ساتھ مریضوں اور ان کے لواحقین سے پیش آنا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموارکو پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن لاہور جنرل ہسپتال کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو بہترین علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ انہیں تعظیم دینا بھی شامل ہے کیونکہ مسکراہٹ صحت کے لئے مفید ثابت ہو تی ہے اور اس سے ذہنی تناؤ بھی کم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

جب آپ ذہنی دباؤ ، تھکاوٹ کے اثرات سے بالاتر ہو کر کام کریں گے تو یقیناً نتائج بھی مختلف سامنے آئیں گے۔ مریضوں اور طب سے وابستہ افراد میں اعتماد کی فضا پیدا ہو گی او رمریض جلد صحت یابی کی طرف گامزن ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور انتظامیہ ایک خاندان کی طرح ہیں ۔ آج آپ لوگوں نے جس محبت اور خلوص کا اظہار کیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس محبت کی خوشبو مریضوں اور ان کے لواحقین تک بھی جائے تاکہ ایل جی ایچ آنے والے دنوں میں معیاری سروسز کے علاوہ طبی عملے کے حسن سلوک اور اخلاق کی بدولت بھی پہچانا جائے۔

اس موقع پر پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر رانا پرویز اور دیگر عہدیداروں نے پروفیسر خالد محمود کو ان کی تقرری پر مبارکباد پیش کرنے کے علاوہ قرار دیا کہ ان کی تعیناتی ایک نیک شگون او رانشاء اللہ وہ تمام تر صلاحیتیں برؤئے کار لاتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔