وزیراعظم محمد نواز شریف شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس کے اجلاسوں میں شرکت کیلئے 9 جولائی کو روس کا دورہ کریں گے

تنظیم کے ریاستی کونسل کے سربراہوں کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی نمائندگی کریں گے

پیر 6 جولائی 2015 21:41

اسلام آباد ۔ 06 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس (برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ) کے اجلاسوں میں شرکت کیلئے 9 جولائی کو روس کا دورہ کریں گے اور علاقائی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ روسی شہر اوفا کے دو روزہ دورہ کے دوران وزیراعظم تنظیم کے ریاستی کونسل کے سربراہوں کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی نمائندگی کریں گے جو اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارہ ہے،اجلاس میں اس گروپ کی مکمل رکنیت کیلئے درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان علاقائی امن و سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم ایک اہم تنظیم ہے جو 2001ء میں شنگھائی میں قائم ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اس کے ارکان میں چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں جبکہ پاکستان، بھارت، ایران، افغانستان اور منگولیا کو مبصر کی حیثیت حاصل ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو دورہ کی دعوت روسی صدر نے دی ہے جو اوفا کے اجلاس کے موقع پر برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس کے اجلاسوں میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی بھی شرکت کریں گے تاہم پاکستان اور بھارت کے حکام نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں کھٹمنڈو میں سارک کے سربراہ اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر اہم علاقائی ملاقاتیں کریں گے۔ برکس کے ساتویں سربراہ اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں اہم علاقائی ایشوز بالخصوص سلامتی اور معیشت سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔