کمشنر کراچی کی زیر صدارت سی این جی غیر اعلانیہ بندش اور اس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حوالے سے اجلاس

پیر 6 جولائی 2015 21:40

کراچی ۔ 6 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کمشنر ہاوٴس میں آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون کے صدر شبیر سلمان اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر سید ارشاد بخاری کی قیادت میں سی این جی ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مشترکہ وفد کے ساتھ سی این جی غیر اعلانیہ بندش اور اس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں سی این جی ایسوسی ایشن صوبائی صدر شبیر سلمان نے کمشنر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی این جی اسٹیشن مالکان کو اپنے اسٹیشن چلانے میں بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سوئی گیس انتظامیہ کی جانب سے ہفتے میں 4 دن سی این جی کی بندش کے باعث سی این جی اسٹیشن مالکان سمیت عوام کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ٹرانسپورٹرز نے بتایا کہ ان کے پاس پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کے لئے سی این جی کے علاوہ کوئی اور متبادل ایندھن نہیں ہوتا۔

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے یقین دلایا کہ سی این جی اسٹیشن کو گیس کی فراہمی کا مسئلہ وہ اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، سی این جی ٹرانسپورٹ عوام کے لئے سستی سواری ہے اس کی بندش سے عوام پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے نرخوں میں اضافے کے حوالے سے شکایات پر ٹرانسپورٹرز کو ہدایت دی کہ عوام سے سی این جی کے سرکاری مقررہ کردہ نرخ وصول کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں کراچی سے لاکھوں افراد عید منانے اپنے گھروں کو جاتے ہیں اور وہ سب سے پہلے سی این جی پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیحی دیتے ہیں، لہذا ٹرانسپورٹرز حضرات سرکار کے مقرر کردہ نرخوں پر اپنی گاڑیاں چلائیں۔

متعلقہ عنوان :