اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے خوراک وزراعت کے پاکستان میں سربراہ پیٹرک ایوانز کی

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان سے اہم ملاقات

پیر 6 جولائی 2015 21:38

اسلام آباد ۔ 06 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے خوراک وزراعت کے پاکستان میں سربراہ پیٹر ک ایوانز نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان سے اہم ملاقات کی ۔وفاقی وزارت میں سوموار کو ہونے والی اس ملاقات کے دوران عالمی حدت کے باعث پاکستان میں رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے ملکی زراعت و خوراک اور پانی پر مرتب ہونے والے منفی اثرات، خاص کر سیلاب، بے اعتبار اور بے ترتیب موسموں کی وجہ سے درپیش چیلینجز اور ملک میں شجر کاری کو فروغ دینے کے لیے مختلف پروگرام شروع کرنے کے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اقوام متحدہ کے اس ذیلی ادارہ برائے خوراک وزراعت کے پاکستان میں سربراہ نے پاکستان میں ان تمام موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تکنیکی و مالی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے زراعت پر پڑنے والے موسمی خطرات سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کیلئے پیٹر ک ایوانزکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی پاکستان کو زرعی، پانی و خوراک کے شعبوں میں موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے مطابقت پذیری کوہر سطح پرفروغ دینے میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے خوراک و زراعت سے مل کر کام کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں تقربیاً آدھی آبادی تحفظِ خوراک سے محروم ہے جس کی بڑی تعداد غذائی قلت کا شکار ہے۔ مشاہد اللہ خان اورپیٹرک ایوانز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آنے والے سالوں میں عام ہوتے ہوئے سیلابوں، تیز بارشوں اور ژالہ باری کے باعث مختلف موسمی خطرات کے ملکی زراعت پر منفی اثرات مرتب ہونگے اور ان میں مزید شدت آئے گی۔

ان خطرات سے زراعت کو محفوظ بنانے کے لیے ایسے زرعی بیج کو متعارف کرانا ہوگا جو عالمی حدت کے اثرات اور موسمی خطرات کوبرداشت کرسکیں اور زرعی شعبے میں ہرسطح پر مطابقت پذیری کو فروغ دینا ہوگا تاکہ پاکستان میں زرعی شعبے کو پائیدار بنایا جاسکے جو ملکی معاشیات کے لی ریڑھ کی ہڈی کی اہمیت رکھتا ہے۔ اس ملاقات میں کسانوں میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات اور ان سے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے ہر سطح پر آگاہی پیدا کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اس سلسلے میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :