ایس ای سی پی سٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ تمام ٹریڈنگ رائٹ سرٹیفکیٹ ہولڈرز

کیلئے فنانشل رپورٹنگ کا ایک جامع اور آن لائن سسٹم جاری کر دیا

پیر 6 جولائی 2015 21:38

اسلام آباد ۔ 06 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے سٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ تمام ٹریڈنگ رائٹ سرٹیفکیٹ ہولڈرز کیلئے فنانشل رپورٹنگ کا ایک جامع اور آن لائن سسٹم جاری کر دیا۔ یہ اقدام سرمایہ کاروں کے تحفظ اور سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کرنے والی کمپنیوں کی مالی حالت کی بہتر نگرانی کیلئے لیا گیا ہے۔

فنانشل رپورٹنگ کا یہ سسٹم تمام ٹریڈنگ رائٹ سرٹیفکیٹ ہولڈرز (TREC) کو پابند بناتا ہے کہ وہ اپنے سہ ماہی فنانشل ریٹرن ایس ای سی پی کی ویب سائٹ کے ذریعے تیس دن کے اندر اندر جمع کرائیں۔ اس سے پہلے بروکریج کمپنیاں اپنے فنانشل سٹیٹمنٹ سالانہ جمع کراتی تھیں۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ ٹریڈنگ رائٹ سرٹیفیکیٹ ہولڈرکے پاس موجود سرمایہ، سرمایہ کاروں کی امانت ہوتا ہے اور وہ سرمایہ کاروں کی طرف سے سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کرنے کی مجاز ہوتے ہیں، اس لئے ان کی جانب سے زیادہ سے زیادہ فنانشل رپورٹنگ کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اسی کے پیش نظر اب ٹریڈنگ رائٹ سرٹیفیکیٹ ہولڈرز کے لئے کمپنی کی فنانشل رپورٹنگ کو سہ ماہی کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 30 جون کو ختم ہونے والی سہ ماہی کیلئے فنانشل ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جولائی ہے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے نئے فنانشل رپورٹنگ سسٹم کے استعمال اور اس سے آگاہی کیلئے کراچی لاہور اور اسلام آباد کی اسٹاک ایکس چینجز میں تربیتی ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :