بڑے ڈیموں کیلئے بجٹ مختص نہ کرنا حکومت کی ناکامی ہے،ارکان سینیٹ

ملک میں ڈیموں کے نہ بننے سے پانی کی قلت ہے، مسئلہ حل کروانے کے لئے وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے،جہانزیب جمال الدینی بلوچستان میں 2 کروڑ 80 لاکھ ایکڑ زمین پر پانی نہیں چھوٹے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے،سینیٹر عثمان کاکڑ، ڈیم بنانا ہونگے،محسن لغاری بلوچستان میں 18 ہزار غیر قانونی ٹیوب ویل ہیں چھ ہزار وفاقی حکومت نے دیئے ہیں،ڈیم کیلئے پیسی جاری کر دیئے،عابد شیر علی

پیر 6 جولائی 2015 21:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) سینٹ کے ارکان نے مستقبل میں ملک میں پانی کی قلت اور خصوصاً بلوچستان میں پانی کی سطح کی تیزی سے کمی پر وفاقی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں چھوٹے ڈیموں کا نہ بننا اور بڑے ڈیموں کے لئے بجٹ مختص نہ کرنا حکومت کی ناکامی ہے جس کے باعث مستقبل میں ملک کو پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس سلسلے میں وفاقی حکومت ہنگامی بنیادوں پر چھوٹے اور بڑے ڈیموں پر کام شروع کر دے۔ پیر کو سینٹ کے اجلاس میں سینیٹر میر کبیر احمد محمد شاہی کی جانب سے 18 مئی 2015 کو پیش کردہ بلوچستان میں پانی کی کم سطح سے پیدا ہونے والے صورتحال پر بحث کرتے ہوئے سینیٹر جہانزیب جمال الدینی نے کہا کہ ملک میں ڈیموں کے نہ بننے سے پانی کی قلت کا سامنا ہے پانی کی قلت کا مسئلہ حل کروانے کے لئے وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے اور تمام صوبوں کو ڈیموں کے بنانے کے لئے فنڈز کی ادائیگی کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت 2 کروڑ 80 لاکھ ایکڑ زمین پر پانی نہیں ہے جس کے لئے چھوٹے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے اس کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کرنے کے لئے وفاقی حکومت فوراً بلوچستان کو فنڈز فراہم کرے۔ سینیٹر محسن لغاری نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کی سطح مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے جبکہ کراچی اور وفاقی دارالحکومت میں بھی پانی کی کمی کا سامنا ہے جس کے لئے چھوٹے اور بڑے ڈیم بنانے ہونگے۔

اس پر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت 18 ہزار غیر قانونی ٹیوب ویل ہیں جبکہ چھ ہزار ٹیوب ویل وفاقی حکومت کی طرف سے دیئے گئے ہیں جس میں ساٹھ فیصد بل زمیندار اور چالیس فیصد حکومت ادا کرتی ہے لیکن پھر بھی غیر قانونی ٹیوب ویل کے استعمال کی وجہ سے پانی کی سطح میں کمی واقع ہو رہی ہے جس کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔

بلوچستان کے لئے نوننگ ڈیم بنانے کے لئے وفاقی حکومت نے پیسے جاری کر دیئے ہیں جس پر کام جلد شروع کیا جائے گا جو کہ بلوچستان کے لئے خوشخبری ہے۔ اس وقت پاکستان پانی کے لحاظ سے ڈیڈ لیول پر پہنچ گیا ہے اور پانی کی قلت کا پورے ملک کو سامنا ہے۔ وفاقی حکومت اس سلسلے میں چھوٹے بڑے ڈیم بنا رہے ہیں اور صوبوں کو بھی بااختیار کر دیا گیا ہے کہ وہ چھوٹے ڈیم بنائیں جس میں وفاقی حکومت ان کی مالی مدد کرے۔