اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سیاسی بنیادوں پر ہونے چاہئیں‘ سینیٹر شبلی فراز

پیپلزپارٹی نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو وہ سندھ کی علاقائی جماعت بن کر رہ جائے گی، میڈیا سے گفتگو

پیر 6 جولائی 2015 21:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سیاسی بنیادوں پر ہونے چاہئیں‘ پیپلزپارٹی نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو وہ سندھ کی علاقائی جماعت بن کر رہ جائے گی۔ پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کی وجہ سے نہیں بلکہ خدمت کی وجہ سے جانی جاتی تھی اور یہ ایک نظریاتی جماعت تھی۔

انہوں نے کہاکہ جو باضمیر لوگ ہوتے ہیں وہ پارٹی کو چھوڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو قبروں کی سیاست چھوڑنا ہوگی اس کو اپنا رویہ درست کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اپنے اندر احتساب کرے ورنہ پی پی پی ایک سندھ کی علاقائی جماعت بن جائے گی جس سے جمہوریت کو نقصان ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ آنے سے کسی بھی سیاسی جماعت کی نہ توہار ہوگی اور نہ جیت ہوگی اس سے صرف پاکستان کی جمہوریت کی جیت ہوگی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے انتخاباتمیں بھرپور طریقے سے دھاندلی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ انتخابات میں 35 سے 71 پنکچر لگائے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں مکمل طور پر دہشت گردی ختم نہیں ہوئی ہے جبکہ نیشنل ایکشن پلان پر بھی عمل نہیں ہورہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ہونے والی ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے مفادات کو سامین رکھ کر فیصلے کرنا چاہئیں نہ کہ دوسروں کے مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کیا جائے اور مذاکرات برابری کی سطح پر ہونے چاہئیں۔