حکومت آئی ایم ایف کی ’’محبت‘‘ میں ’’ مجنوں‘‘ کا کردار ادا کررہی ہے، پیپلز پارٹی سندھ

عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتیں انتہائی نچلی سطح پر پہنچنے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا، سینیٹر تاج حیدر

پیر 6 جولائی 2015 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر تاج حیدر، کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم اور منتخب اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سہراب خان سرکی اورسید ناصر شاہ نے اکاؤنٹ ہولڈرز پرودہولڈنگ ٹیکس کے جبری نفاذ کو سراسر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کی ’’محبت‘‘ میں ’’ مجنوں‘‘ کا کردار ادا کررہی ہے۔

ن لیگ کی حکومت کو ملک و قوم سے کوئی لگاؤ نہیں ہے، عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتیں انتہائی نچلی سطح پر پہنچنے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا، بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے، رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام پر لوڈشیڈنگ ، زائد بلنگ اور مہنگائی کے بم گرا دیئے اور اب بینکوں میں اپنی جمع پونجی رکھ کر ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے اکاؤنٹ ہولڈرز پر ’’ جبری لگان‘‘ عائد کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت کے یہ سارے اقدامات آئی ایم ایف کی ایما پر کئے جارہے ہیں اور اگر ن لیگ کی حکومت کو آئی ایم ایف کی ہی خواہشات پوری کرنی ہیں تو وہ انتخابات میں عوام سے ووٹوں کی بھیک نہ مانگنے کا بھی اعلان کردے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت بچانے کی خاطر ہر طرح کی قربانیاں دی ہیں اور اسلام آباد دھرنے کی صورت میں جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کا سہرا بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے سرہے لیکن جب غریب عوام سے دو وقت کی روٹی اور سرچھپانے کی جگہ بھی چھین کر آئی ایم ایف کی جھولی میں ڈال دی جائے تو پھر پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

انہوں نے کراچی کے تاجروں کی جانب سے بالخصوص اور ملک بھر کے تاجروں کی جانب سے بالعموم بینک سے رقوم نکلوانے پر جبری طور پر عائد 6فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف احتجاج کو عوامی جذبات قرار دیتے ہوئے ہر سطح پر ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کرنے کا بھی اعلان کیا۔