ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

یوم علیؓ کے موقع پر سیکورٹی معاملات کا جائزہ لیا گیا ،رینجر ز ،پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ،سندھ کے تمام بڑے شہروں میں اسنیپ چیکنگ شروع کر دی گئی

پیر 6 جولائی 2015 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) پاکستان رینجرز سندھ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس پیر کو ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی صدارت میں ہوا جس میں یوم علی کے موقع پر سیکورٹی کے معاملات کا جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خطرے سے موثر طریقے سے نمٹا جا سکے اجلاس میں آئی جی سندھ ، ایڈیشنل آئی جی سندھ ، ڈی آئی جی ایسٹ ، ویسٹ ، ساؤتھ ، ٹریفک ، اسپیشل برانچ اور ڈائریکٹر آئی بی کراچی کے علاوہ اعلیٰ رینجرز حکام نے شرکت کی ۔

رینجرز اور پولیس نے مشترکہ طور پر یوم علی کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دی ۔ سندھ رینجر ز اور پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا رینجرز اور پولیس نے سندھ کے تمام بڑے شہروں میں اسنیپ چیکنگ شروع کر دی ۔

(جاری ہے)

یوم علی کے موقع پر رینجرز نے کراچی میں مرکزی جلوس کی نگرانی کے بھی انتظامات مکمل کئے ۔

اس کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلوس کی فضائی نگرانی کی بھی ہدایات جاری کی گئی ۔ رینجرز کے سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کو چیک کیا جائے گا اس کے علاوہ جلوس کے گزرنے والے راستوں پر واقع اونچی عمارتوں پر رینجرز اور پولیس کے اسنائپر شوٹر تعینات کئے جائیں گے جو کہ شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں گے ۔ جلوس کی گزر گا ہ میں آنے والے راستوں کو مکمل سیل کیا جائے گا نیشنل ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر رینجرز اور پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے اس کے علاوہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر بھی چیکنگ بڑھا دی گئی ہے تاکہ شر پسند عناصر اپنے مضموم ارادوں میں کامیاب نہ ہو سکیں اس موقع پر علماء کرام سے پر زور اپیل کی گئی ہے کہ وہ مذہبی فرقہ واریت کے خاتمے اور شہر میں امن و امان قائم کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں اور عوام میں اخوت و بھائی چارے کا درس اجا گر کریں ۔

یوم علی کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :