پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردوں پر کاری ضرب لگائی ہے‘شہبازشریف

پاک افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرأت اور بہادری کی نئی شاندارمثالیں قائم کی ہیں دہشتگردی و فرقہ واریت کے خلاف جنگ ہر محاذ پر لڑی جارہی ہے‘وزیراعلیٰ کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

پیر 6 جولائی 2015 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے یکسو ہے،پاک افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرأت اور بہادری کی نئی مثالیں قائم کی ہیں اور پاکستان کی شاندار قربانیوں کی نظیر عصر حاضر کی تاریخ میں نہیں ملتی،شہدا کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اورپاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں اوردہشت گردی، انتہاپسندی و فرقہ واریت کے خلاف جنگ ہر محاذ پر لڑی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی ہے۔انہوں نے کہا کہپاکستان کو محفوظ اور پرامن ملک بنانا ہر پاکستانی کا مشن ہے۔ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان کا خاتمہ کرکے دم لیں گے اور سفاک درندوں کو پاکستان میں کہیں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ قوم کے اتحاد کی طاقت سے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی طاہر اقبال چوہدری، میاں عالم داد لالیکا، رانا زاہد حسین خان، چوہدری عابد رضا، مشیر چوہدری ارشد سعیدایم پی اے،سابق وزیر چوہدری عبدالوحید آرائیں ، بیگم فائزہ مشتاق ایم پی اے اور دیوان مشتاق سابق ایم پی اے شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :