کشمیری و پاکستانی قوم ہندوستانی ایجنسیوں کے گھناؤنے کردار سے بخوبی واقف ہے‘ پروفیسر حافظ محمد سعید

کشمیری قیادت کو بدنام کرنے کی سازشیں کسی صورت ان شااﷲ کامیاب نہیں ہوں گی،پاکستانی قوم تحریک آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑی ہے‘ امیر جماعۃ الدعوۃ کا اجتماع سے خطاب

پیر 6 جولائی 2015 20:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیری و پاکستانی قوم ہندوستانی ایجنسیوں کے گھناؤنے کردار سے بخوبی واقف ہے‘ کشمیری قیادت کو بدنام کرنے کی سازشیں کسی صورت ان شااﷲ کامیاب نہیں ہوں گی،پاکستان کے استحکام اور بقاء کے لیے کشمیرکو بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے چھڑانابہت ضروری ہے ، پاکستانی قوم تحریک آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پتوکی سٹیڈیم میں بعد نماز فجر درس قرآن کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شہر و گردو نواح سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد موجود تھے ۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ کشمیری پاکستان کی سالمیت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے‘ پاکستانی قوم شہدائے کشمیر کے لہو کا سودا نہیں کرنے دے گی۔

بھارت ظلم و جبر کی بنیاد پر کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام بناکر نہیں رکھ سکتا۔ وطن عزیز پاکستان میں انڈیا، امریکہ اور اسرائیل کی مداخلت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ بیرونی قوتوں کی مداخلت ختم کئے بغیر ملک میں امن وامان قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہاکہ ساٹھ سے زائد ملکوں کو اﷲ نے ہر قسم کے وسائل کی دولت سے نواز رکھا ہے اگر یہ اتحادویکجہتی کا مظاہرہ کریں تو مسلمانوں کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کا کھل کر ساتھ دیں اور انہیں آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے تسلط سے نجات دلانے کی کوششیں کریں وہ وقت دور نہیں جب کشمیری مسلمان ان شا ء اﷲ آزاد فضا میں سانس لیں گے۔انہوں نے کہاکہ کشمیراور پاکستان لازم و ملزوم ہیں انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جاسکتا ۔مظلوم کشمیریوں کی لازوال قربانیوں نے آزادی کشمیر کی منزل کو قریب کر دیا ہے پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پرکھڑی ہے۔

افغانستان میں اتحادیوں کی بد ترین شکست کی طرح بھارت بھی مقبوضہ کشمیر میں اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا۔خطہ میں امن بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانے سے نہیں کشمیریوں کو مکمل آزادی ملنے سے ہو گا۔انہوں نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے خلاف ایک ہو چکی ہیں مگر مسلم حکمران وعوام اسلام کی نمائندگی کا صحیح معنوں میں حق ادانہیں کررہے ضرورت اس امرکی ہے کہ مسلمان متحدوبیدار ہوجائیں کفارکی سازشوں کامقابلہ اسکے بغیر ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ انڈیا پاکستان کا ازلی دشمن ہے اس نے کبھی وطن عزیز پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم نہیں کیا بلکہ ہمیشہ ملک کی سلامتی و خود مختاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے موجودہ حالات میں بھی انڈیا کی سازشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں ۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ کفار کے تسلط سے نجات کیلئے مسلمانوں کو واپس اپنے اصل دین کی طرف پلٹنا ہو گا ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان اپنے عقائد واعمال کی اصلاح کریں، مغربی کلچر و ثقافت چھوڑ کر محمدی کلچر پر عمل پیرا ہوں سود اﷲ اور اس کے رسولﷺ سے کھلی جنگ ہے اسے ختم کیا جائے۔

خواتین پردہ کریں اور اپنے بچوں کو ایسے تعلیمی اداروں میں داخل نہ کروائیں جہاں ان کے عقیدے و ایمان برباد ہونے کا اندیشہ ہو۔انہوں نے کہاکہ فرقہ واریت امت مسلمہ کے لئے زہر قاتل ہے امت کے وجود کو مستحکم کرنے کے لئے اس ناسور سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔ پاکستان لاالہ الا اﷲ کی جاگیر ہے مسلمان قرآن و سنت کا پرچم تھام لیں تو فرقہ واریت ختم ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :