پاکستان کو سیالکوٹ میں بھارتی فوج کی گولا باری کا فوری نوٹس لینا چاہیے ، شیری رحمان

پیر 6 جولائی 2015 20:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) سیالکوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی طرف سے گولا باری کے خطرناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدرشیری رحمان نے کہا کہ یہ عمل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے ۔سیالکوٹ نہ تو متنازیہ علاقہ ہے اورنا ہی لائن آف کنٹرول کے قریب ہے اس کے باوجود بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز بے گناہ شہریوں پر فائرنگ کر رہی ہے ۔

پریشان کن اطلاعات ہیں کہ بھارت کی جانب سے گولا باری کی وجہ سے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کیساتھ سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔

(جاری ہے)

چناب رینجرز نے جوابی کاروائی کی ہے لیکن یہ پہلی بار نہیں ہے کہ پاکستان کے عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ ایک سال کے اندر کئی بار ایسے واقعات ہو چکے ہیں ۔ شیری رحمان نے کہا کہ ایک ایٹمی پڑوس میں اس طرح کی کاروائی ذمہ دارانہ اور محفوظ عمل نہیں ہے ۔

انہوں نے واضح تنازعات اور تیزی سے بڑھتے مخالفانہ سر گرمیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کے معاملہ سلجھانے کیلئے مجھے عالمی برادری نظر نہیں آرہی ،انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو فیصلہ کرنا چایئے کہ وہ بھارت کیلئے کون سی راہ کا تعاقب کرتے ہیں ۔طاقت کا مظاہرہ دونوں ممالک میں انتہا پسندی میں اضافہ کرے گا۔