ملک میں محب وطن اور ایماندار سیاسی قیادت ہی تمام مسائل سے نجات دلاسکتی ہے‘ جماعت اسلامی پنجاب

قومی خزانے سے اربوں روپے ذاتی تشہیری مہم پرلگائے جارہے ہیں،متعلقہ ادارے نوٹس لیں‘ سید وسیم اختر /نذیر احمد جنجوعہ

پیر 6 جولائی 2015 20:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراورسیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہاہے کہ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقے سے آنے والی تبدیلی ملک وقوم کیلئے تباہ کن ہوگی۔ملک میں اس وقت مخلص اور محب وطن سیاسی قیادت کافقدان ہے۔

حکمرانوں کی کارکردگی انتہائی مایوس ہے۔عوام مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی انتخابات میں پڑھی لکھی اور موروثیت سے پاک قیادت کومنتخب کریں۔جب تک وسائل سے مالامال ملک کوحقیقی معنوں میں عوام دوست حکمران نصیب نہیں ہوتے پاکستان ترقی وخوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص حکمت عملیوں کی بدولت عوام مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت،میرٹ کا قتل عام،دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے دوچار ہیں انہیں کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک میں حکمران عوام کوریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ملک میں کاغذی منصوبوں اور اقتصادی خوشحالی کی تشہیر مہم محض دکھاوے کے سواکچھ نہیں۔قومی خزانے سے اربوں روپے ذاتی تشہیر پر لگائے جارہے ہیں جن کا متعلقہ اداروں کی جانب سے نوٹس لیاجاناچاہئے۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ پاکستان کو بحرانوں کاسامناہے۔

موجودہ قیادت مسائل حل کرنے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔ایک طرف عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں تودوسری جانب اقتدار پر قابض لوگ عوام سے اپنا تعلق توڑچکے ہیں۔عوام کی تقدیر کے مالک بنے بیٹھے حکمران جانتے ہی نہیں کہ اصل مسائل کیاہیں اورانہیں کیسے حل کیاجاناچاہئے۔سڑکوں کاجال بچھانے سے لوگوں کاپیٹ نہیں بھرسکتا اس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس حکمت عملی اپناناہوگی۔

متعلقہ عنوان :