اسلامی انقلاب کیلئے اپنی صفوں کو درست سمت میں رکھنا ہو گا ‘میاں مقصوداحمد

جماعت اسلامی ملک کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ‘ امیرجماعت اسلامی لاہور

پیر 6 جولائی 2015 20:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب ہر مسلمان کی خواہش و تمنا ہے اس کے لیے مسلسل کام ، محنت کے علاوہ صفوں کو درست سمت رکھنا بہت ضروری ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ جس طرح رمضان المبارک میں مسلمان اپنے اندر ایک مثبت انقلاب لے کے آتے ہیں برائی سے دور رہنا ، نیک کاموں میں راحت محسوس کرنا ، جماعت اسلامی کی قیادت اسی انقلاب کو پاکستان میں رائج کرنا چاہتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنا عین عبادت ہے ،انسانوں کی بڑی خدمت انہیں اﷲ تعالیٰ کے ساتھ ملانا ہے اصلاح معاشرہ انبیاء، اولیا اور علماء اکرام کا طریقہ ہے اور یہی کام جماعت اسلامی کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

بندوں کو بندوں کی غلامی سے نجات دلا کر اﷲ کی بندگی اور محمد ﷺ کی غلامی میں لانا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو فلاحی، اسلامی ریاست اور اﷲ تعالیٰ کی زمین پرا ﷲ تعالیٰ کے نظام کو قائم کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں ، جماعت صرف ایک انتخابی و انقلابی جما عت نہیں بلکہ اصلاح کردار کی جماعت ہے رمضان اصلاح احوال کے لیے بہترین مہینہ ہے ہر مسلمان مرد اور عورت کو اس مہینے سے فیض یاب ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ اسلامی نظام سے ہی مسلمانوں کو زوال سے نکالا جا سکتا ہے اس وقت دنیا بھر میں مسلمانوں کی جو حالت ہے کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اس وقت مسلمانوں کا نظام عدل ، معیشت ، معاشرت اور تہذیب و تمدن بری طرح متاثر ہے اور یہ تمام مسائل اﷲ تعالیٰ سے تعلق جوڑنے سے دور ہوں گے ۔جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی ، خوشحال پاکستان بنانا چاہتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :