وزیر داخلہ کی ای سی ایل کے ساتھ بلیک لسٹ پر شدید تشویش کا اظہار ، بلیک لسٹ ختم کر کے صرف ایگزٹ کنٹرول لسٹ بنانے کی ہدایت

ای سی ایل کو مرکزی ڈیٹا بینک سے منسلک کرنے اورغیر ملکی این جی اوز کی رجسٹریشن کیلئے نادرا سے مدد لینے کا فیصلہ ایف آئی اے میں زیر تفتیش میگاکرپشن اسکینڈلز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، چوہدری نثار کا عزم

پیر 6 جولائی 2015 19:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ای سی ایل کے ساتھ بلیک لسٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلیک لسٹ ختم کر کے صرف ایگزٹ کنٹرول لسٹ بنانے کی ہدایت کر دی، چوہدری نثار علی خان نے ای سی ایل کو مرکزی ڈیٹا بینک سے منسلک کرنے اورغیر ملکی این جی اوز کی رجسٹریشن کیلئے نادرا سے مدد لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے میں زیر تفتیش میگاکرپشن اسکینڈلز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

پیر کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایف آئی اے میں زیر تفتیش میگا کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ان سکینڈلز میں ای او بی آئی، حج سکینڈل، ٹڈاپ کیس، نیوایئرپورٹ، پی ایس او اور ای ٹی پی بی کے کیسز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ اب تک 104کیسز میں سے 76 کے چالان بھجوا دیئے گئے ہیں، میگا سکینڈل میں 169 ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں،147ضمانت پر ہیں۔

چوہدری نثار علی خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑی کرپشن کیسز کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، ایف آئی اے کیسز کی تحقیقات کیلئے بااختیار قانونی ٹیم بنائے،وزارت داخلہ نے ای سی ایل میں موجود ہزاروں نام بھی نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے ای سی ایل کے ساتھ بلیک لسٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلیک لسٹ ختم کر کے صرف ایگزٹ کنٹرول لسٹ بنانے کی ہدایت کر دی، چوہدری نثار علی خان نے ای سی ایل کو مرکزی ڈیٹا بینک سے منسلک کرنے اورغیر ملکی این جی اوز کی رجسٹریشن کیلئے نادرا سے مدد لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نادرا ای سی ایل سے اعداد و شمار سے متعلق موثر نظام بنائے، نادرا غیر ملکی این جی اوز کی آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی بنائے، ای سی ایل میں نام کے اندراج یا اخراج کو آسان بنایا جائے، کسی بھی شخص کا نام جائز وجوہات کے بغیرای سی ایل میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ماضی میں ای سی ایل کا استعمال سیاسی ہتھیار کے طور پر کیاگیا، آئندہ لامحدود مدت کیلئے کسی کو ای سی ایل میں شامل نہ کیا جائے۔