وزیراعظم نے اطلاعات تک رسائی کے بل کو کابینہ ایجنڈے میں رکھنے کی منظوری دیدی ، حکومت ہر شہری کو اطلاعات تک رسائی دینے کیلئے پرعزم ہے، حکومت آزادی اظہار ، شفافیت اور احتساب پر مکمل یقین رکھتی ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کابیان

پیر 6 جولائی 2015 19:56

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اطلاعات تک رسائی کے بل کو کابینہ ایجنڈے میں رکھنے کی منظوری دیدی ، ہر شہری کو اطلاعات تک رسائی دینے کیلئے حکومت پرعزم ہے ۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو اطلاعات تک رسائی کا حق دیتا ہے ۔

وزیراعظم نواز شریف نے اطلاعات تک رسائی کے بل کو کابینہ ایجنڈے میں رکھنے کی منظوری دیدی ہے ۔ بل کا مسودہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔ حکومت ہر شہری کو اطلاعات تک رسائی دینے کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے مخالف نہیں ہیں ۔ وزیرا طلاعات نے کہا کہ حکومت ناصرف آزادی اظہار ، شفافیت اور احتساب پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اس قانون کا مقصد بھی ہے کہ عوام کو اطلاعات تک مکمل رسائی حاصل ہوسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے اس بل کی منظوری ایک تاریخی کارنامہ ہوگا جو پاکستان کی جمہوری اور سیاسی تاریخ کا پہلا ایسا موقع ہوگا جب پارلیمنٹ اطلاعات تک رسائی کے بل کی منظوری دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بل کی منظوری سے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ بھی پورا ہو جائے گا جو یہ تھا کہ ان سے کوئی چیز خفیہ نہیں رکھی جائے گی اور 21 ویں صدی جو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صدی ہے اس میں عوام کو اطلاعات تک رسائی دینا حکومت کی ترجیح ہے