چین کے تعاون سے اندھیرے دورکرینگے،ساہیوال کول پاور پراجیکٹ2017ء تک بجلی پیدا کریگا‘شہبازشریف

ساہیوال میں 660میگاواٹ کے 2کول پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں،توانائی کے حصول کیلئے مخلصانہ کاوشیں کررہے ہیں وزیراعلیٰ کی لاہور سے ساہیوال کول پاور پراجیکٹس پرچین میں ہیوانینگ شین ڈونگ گروپ کے صدرکیساتھ ویڈیوکانفرنس ساہیوال کول پراجیکٹ پر پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہا ہوں‘ وزیراعلیٰ پنجاب، منصوبے پر پیشرفت پراظہار اطمینان ساہیوال کول پاور پراجیکٹس کومقرر کردہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کریں گے ‘صدرہیوانینگ شین ڈونگ گروپ کی یقین دہانی

پیر 6 جولائی 2015 18:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور سے ساہیوال کول پاور پراجیکٹس کے حوالے سے چین میں ہیوانینگ شین ڈونگ پاور جنریشن گروپ کے صدرکیساتھ ویڈیوکانفرنس کی،اس ویڈیوکانفرنس میں ہیوانینگ شین ڈونگ پاور جنریشن گروپ کے صدرکے علاوہ دیگراعلی حکام نے بھی شرکت کی اور ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کے کول پاور پراجیکٹس کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہیوانینگ شین ڈونگ پاور جنریشن گروپ کے صدرسے ویڈیوکانفرنس کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین کے تعاون سے ساہیوال میں کوئلے سے چلنے والے 660میگاواٹ کے 2پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں اور اس منصوبے پرتیزرفتاری کے ساتھ کام کیا جارہا ہے ،توانائی کی کمی دور کرنے کے حوالے سے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ بہت اہمیت رکھتا ہے،اسی لئے متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کو منصوبے پر عملد ر آمدکے حوالے سے تمام امورجلدازجلد نمٹانے کیلئے ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین دوستی کے جس لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اس کی مثال دینا ممکن نہیں،دونوں ملکوں کے مابین دوستی کارشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہورہا ہے۔چین کے صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے مابین تاریخی اقتصادی تعاون کو فروغ ملا ہے اورچین کا تاریخ سازاقتصادی پیکیج پاکستان کیلئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔انہوں نے کہاکہ چین کے تعاون سے پاکستان میں اندھیرے دور کرنے کی مخلصانہ کاوشوں کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جارہاہے کیونکہ توانائی کے منصوبے ملک کی صنعت کے پہیہ کے رواں دواں رکھنے اورقومی معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،اس لیے توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اس ضمن میں ساہیوال کول پراجیکٹس انتہائی اہمیت کا حامل ہے اورمیں خود اس منصوبے پر پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہا ہوں۔

1320میگاواٹ کول پاور پراجیکٹ سے 2017ء تک بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہیوانینگ شین ڈونگ اور رویائی گروپ کے بے پایاں تعاون کا شکریہ اداکیا اور ہیوانینگ شین ڈونگ گروپ کے صدر کو ساہیوال کول پاور پراجیکٹس کی سائیٹ کے دورے کی دعوت دی۔صدرہیوانینگ شین ڈونگ گروپ نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹس پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی امیدوں کے مطابق کام جاری رکھا جائے گا اورمقرر کردہ ٹائم لائن کے اندر منصوبہ مکمل کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹربائنز ،جنرنیٹرز اوربوائلرز خریدنے کے آرڈر دے دیئے گئے ہیں اورتمام ضروری مشینری شیڈول سے قبل ساہیوال کول پاور پراجیکٹس کی سائٹ پر پہنچ جائے گی۔صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹری داخلہ،چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، سیکرٹری توانائی،متعلقہ حکام اور ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والی چینی ٹیم کے سربراہ نے لاہور سے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ساہیوال کے کمشنر ،آر پی او،ڈی سی اواورڈی پی او بھی ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔

ویڈیولنک کے ذریعے منعقدہ اجلاس کے دوران ساہیوال کول پاور پراجیکٹس کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔