کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی پر فرد جرم عائد نہیں ہوسکی ٗ جو ڈیشل ریمانڈ میں تیرہ جولائی تک توسیع

الیکٹرونک میڈیا پر پراپیگنڈا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ٗ کسی سیاسی شخصیت سے ان کا نام نہ جوڑا جائے ٗ لطیف کھوسہ

پیر 6 جولائی 2015 18:39

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی پر فرد جرم عائد نہیں ہوسکی اور کیس کی سماعت رواں ماہ 13 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔سپر ماڈل ایان علی کو پیر کو جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر اڈیالہ جیل سے بکتربند گاڑی میں راولپنڈی کچہری لایا گیا جہاں اسپیشل کسٹمز جج جسٹس رانا آفتاب احمد نے کیس کی سماعت کی۔

ایان علی پر کرنسی اسمگلنگ کیس میں فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان تھا تاہم سماعت کے دوران ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے اپنی موکلہ پر فرد جرم عائد کرنے پر اعتراض کیاانہوں نے کہاکہ ابھی تک مقدمے کے دیگر 2 ملزمان اویس اور ممتاز گرفتار نہیں ہوسکے اور جب تک چالان مکمل نہ ہو فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی جس پرعدالت نے ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کرنسی اسمگلنگ کے بارے میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایان علی کے خلاف میڈیا میں پروپیگنڈا ہو رہا ہے ٗ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ایان کیس کے علاوہ ملک میں کوئی دوسرا کیس نہیں۔سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ عدالت ان کی موکلہ کی کردار کشی سے متعلق مہم بند کرائے۔عدالت نے ایان علی سے وکلاء کی موجودگی میں سوشل میڈیا پر چلنے والی چند خبروں سے متعلق اِن کیمرہ بیان ریکارڈ کیاایان علی کے مطابق انہیں علم نہیں تھا کہ اتنی رقم لے جانا غیر قانونی ہے اور وہ رقم لے جانے پر معافی مانگتی ہیں انھوں نے کہا کہ ان کے خلاف الیکٹرونک میڈیا پر پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، الیکٹرونک میڈیا پر پراپیگنڈا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور کسی سیاسی شخصیت سے ان کا نام نہ جوڑا جائے۔

اس سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کے انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ونگ کی جانب سے ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کے اندراج سے متعلق نئی درخواست کی سماعت بھی رواں ماہ 11 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔سپر ماڈل ایان علی کو رواں برس 14 مارچ کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اْس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان کے سامان میں سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :