Live Updates

عوام حکومت کی نااہلی مزید برداشت نہیں کر سکتے،حکمرانوں سے نجات ناگزیر ہو چکی،چوہدری سرور

حکومت کی ناقص خا رجہ پالیسی کیوجہ سے ملک میں نہ رکنے والی جنگ شروع ہو چکی ہے جو ملکی سا لمیت کیلئے انتہائی خطرناک ہے، نام نہاد جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کا سلسلہ دھڑلے سے جاری ملکی حالات دنوں میں سنوارنے کے دعویداروں نے لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بیروزگاری میں بے تحاشہ اضافہ کرکے عوام کے مسائل پہلے سے بھی کئی گنا بڑھا دئیے ہیں، ملک بھر کے محنت کش نظام کی تبدیلی کیلئے عمران خان کی قیادت میں متحد ہو چکے ہیں، افطار ڈنر سے خطاب

پیر 6 جولائی 2015 18:32

شاہکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام حکومت کی نااہلی مزید برداشت نہیں کر سکتے،حکمرانوں سے نجات ناگزیر ہو چکی ہے، حکومت کی ناقص خا رجہ پالیسی کیوجہ سے ملک میں نہ رکنے والی جنگ شروع ہو چکی ہے جو ملکی سا لمیت کیلئے انتہائی خطرناک ہے، حکومت غریب عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے، نام نہاد جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کا سلسلہ دھڑلے سے جاری ہے، ملکی حالات دنوں میں سنوارنے کے دعویداروں نے لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بیروزگاری میں بے تحاشہ اضافہ کرکے عوام کے مسائل پہلے سے بھی کئی گنا بڑھا دئیے ہیں، ملک بھر کے محنت کش نظام کی تبدیلی کیلئے عمران خان کی قیادت میں متحد ہو چکے ہیں، موجودہ سیاسی نظام پچھلے 66سالوں سے جاگیرداروں، سرمایہ داروں، لٹیروں اور وڈیروں کو تحفظ فراہم کر رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہکوٹ میں پی ٹی آئی رہنماء میاں عاطف مولی سوپ والے کیطرف سے دئیے گئے افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان ،میاں عاطف، بریگیڈےئر (ر)اعجاز شاہ، ارشد ساہی، انجمن شہریاں کے چیف آرگنائزر رضا چوہدری سمیت ضلع ننکانہ اور شیخوپورہ کی پی ٹی آئی قیادت،کارکنان، تاجر برادری،وکلاء، صحافیوں سمیت بڑی تعداد میں سول سوسائٹی کے لوگ موجود تھے، چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی قسمت میں ذلت لکھی جا چکی ہے ،حکمران تحریک انصاف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں ،پوری قوم بادشاہوں کی جوڑی سے پوچھ رہی ہے کہ 6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے کھوکھلے نعرے لگانے والوں نے 2سال میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے کیا اقدامات کئے ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملکی ترقی و خوشحالی کی جنگ لڑ رہی ہے ،ملک بھر سے محب وطن لوگ تحریک انصاف کا حصہ بن رہے ہیں، بلدیاتی انتخابات حکمرانوں کیخلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوں گے، تخت لاہور کے بادشاہوں کے دن گنے جا چکے ہیں وہ دن دور نہیں جب پی ٹی آئی کی حکومت ہو گی اور پاکستان کے ہر فرد کو پورے حقوق حاصل ہوں گے، اس موقع پر میاں عاطف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریفوں کے سارے کام سیاسی مشہوری کی منصوبے ہیں، میاں شہباز شریف اب لوڈ شیڈنگ کیخلاف مینار پاکستان تلے احتجاجی کیمپ کیوں نہیں لگاتے،حکمرانوں کی بیڈ گورننس غریب اور مسائل زدہ عوام کیلئے کسی آفت سے کم نہیں ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات