رمضان المبارک کے دوران آٹا ، تیل ، دال، چینی وغیرہ پر خصوصی رعایت کیلئے قانون سازی کی جائے، پاسبان

پیر 6 جولائی 2015 17:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) پاسبان پاکستان کے نائب صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں اشیاء خوردنوش من مانے داموں پر فروخت ہونا حکمرانوں اور انتظامیہ کی ناکامی ہے اور مہنگائی کی واحد اور واحد وجہ کرپشن کے علاوہ کچھ اور نہیں ہے ۔ پاسبان کے زیر اہتمام نارتھ کراچی میں اشیاء خوردونوش بالخصوص آٹا ، تیل ، دال، چینی وغیرہ پر خصوصی رعایت دینے کیلئے مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر پاسبان نارتھ کراچی کے رہنما بشیر خان ، امید علی قاضی ، جمعہ خان ، انوار بھائی و دیگر بھی موجود تھے۔عبدالحاکم قائد نے کہا کہ کئی اسلامی ممالک کے حکمران رمضان المبارک کے احترام میں اشیاء خوردونوش پر خصوصی رعایت دینے کا اعلان کرتے ہیں اورپھر اس پر عملدرآمد بھی کراتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا یہاں تک کہ ہمارے پڑوسی ہندو حکمرانوں بھارتی مسلمانوں کو رمضان المبارک کے مہینے میں راشن پر خصوصی رعایت دیتے ہیں لیکن افسوس ہمارے ملک میں ہر رمضان سے قبل حکمران اور انتظامیہ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے کی بجائے ڈگڈگی بجا بجاکر بندر کا تماشہ کرنے لگ جاتی ہے ۔

رمضان المبارک کے ابتدائی ایام دکھاوے کے اقدامات کئے جاتے ہیں، ٹھیلوں ، پتھاروں اور چھوٹے دکانداروں پر چھاپے مارے اور جرمانے کئے جاتے ہیں ۔ کیا ہمارے حکمرانوں اور انتظامیہ کو کیا اتنا بھی پتہ نہیں کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں منڈیوں میں کنٹرول کرنے سے مہنگائی کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ پاسبان رہنماؤں اور مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک کے دوران آٹا ، تیل ، دال، چینی وغیرہ پر خصوصی رعایت کیلئے قانون سازی کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :