نامعلوم دہشت گردوں کی تبلیغی مرکز اور ریلوے اسٹیشن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی دھمکی پر رائیونڈ کو محاصرے میں لے لیا گیا

تبلیغی مرکز کے اندر اور بیرون بازار میں قائم دکانوں ہوٹلوں انٹرنیٹ کلبوں میں کام کرنے والوں اور موجود افراد کے کوائف طلب گھروں اور دکانوں میں موجود مالکان اور کرایہ داروں کی چھان بین کا سلسلہ بھی جاری ،چار روز میں غیر ملکیوں سمیت پچاس کے قریب مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا

پیر 6 جولائی 2015 17:47

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) نامعلوم دہشت گردوں کی تبلیغی مرکز اور ریلوے اسٹیشن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی دھمکی پر لاہور پولیس اور خفیہ اداروں نے رائیونڈ کو اپنے محاصرے میں لے لیا ۔تبلیغی مرکز کے اندر اور بیرون بازار میں قائم دکانوں ہوٹلوں انٹرنیٹ کلبوں میں کام کرنے والوں اور موجود افراد کے کوائف طلب کئے جارہے ہیں ،گھروں اور دکانوں میں موجود مالکان اور کرایہ داروں کی چھان بین کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

پولیس نے تبلیغی مرکز اور ریلوے اسٹیشن کے اطراف میں آبادی کی ناکہ بندی کررکھی ہے اورچار دنوں میں ابتک 50سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے درجن بھر سے زائد کا تعلق علاقہ غیر سے بتایا جاتا ہے جبکہ ان میں غیرملکی بھی شامل ہیں ،انتہائی مشکوک افراد کو نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ نا معلو م دہشتگردوں کی دھمکی کے بعد مقامی رہائشی شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔

سحری کے اوقات میں بھی گھروں اور دکانوں کی تلاشی لی جارہی ہے ،کئی مقامی معززین کو بھی مشکوک سمجھ کر دھرلیا گیا ہے ۔جبکہ اس بارے ایس ایچ او تھانہ سٹی رائے ونڈ چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ مکمل تصدیق کے بعد بے گناہ اور معصوم شہریوں کو باعزت طور پر چھوڑ دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کچھ پریشانی بھی برداشت کرنے پڑے تو شکوہ نہیں کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ تبلیغی مرکز کی عالمی حیثیت کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔عوام مطمئن رہیں ،اﷲ کے حکم سے کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہونے دیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران مختلف مقدمات کے تحت درجنوں افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے ۔مقامی شہریوں کے مطابق ریلوے اسٹیشن سے ملحقہ آبادیاں بستی امین پورہ اور مرتضیٰ آباد جرائم پیشہ افراد کی پناہ گاہیں ہیں جن میں مقامی پولیس نے پہلے کبھی سرچ آپریشن نہیں کیاتھا۔

گزشتہ سال تبلیغی اجتماع کے دوران ریلوے اسٹیشن پر تخریب کاری کے نتیجہ میں جلائی جانے والی ٹرین کے ملزمان بارے پتہ چلا تھا کہ وہ بھی ریلوے اسٹیشن کی قریبی آبادیوں میں کرایہ کے مکانوں میں چھپے ہوئے تھے ۔پولیس کا سرچ آپریشن رائے ونڈ روڈ ،پاجیاں سے لیکر اڈا پلاٹ جاتی عمرہ نوازشریف فارم سے ہوتا ہوا بھوبتیاں چوک تک جاری ہے جس میں لاہور بھر کی پولیس حصہ لے رہی ہے ۔رائیونڈ میں اس قدر بڑے سرچ آپریشن میں سرکل پولیس نے رائیونڈ کے صحافیوں کو معلومات سے دور رکھنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے ۔

متعلقہ عنوان :