پاکستان تحریک انصاف ڈی جے بٹ کی کروڑوں روپے کی مقروض ہو گئی

قیادت فون بھی نہیں سنتی ،رقم ادا نہ کی گئی تو تحریک انصاف کیخلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا‘ ڈی جے بٹ ڈی جے نے زائد بل بنا کر دیا ،جائزہ لینے کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ‘ پی ٹی آئی

پیر 6 جولائی 2015 17:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف ڈی جے بٹ کی کروڑوں روپے کی مقروض ہو گئی جبکہ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ڈی جے نے زائد بل بنا کر دیا جس کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کے دھرنے اور دیگر تقریبات میں ساؤنڈ سسٹم لگانے والے ڈی جے بٹ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنے میں 126 روز تک ساؤنڈ سسٹم لگا رہا جس کے 6لاکھ 50ہزار روپے یومیہ بنتے تھے، دھرنے کا مجموعی بل 14کروڑ روپے بنا لیکن پی ٹی آئی کو 20فیصد رعایت دی جس کے بعد 12کروڑ روپے کا بل بنا۔

ان کا کہنا تھا کہ رقم کی ادائیگی کے لئے عمران خان سے رابطہ کیا جس پر انہوں نے ایک کمیٹی تشکیل دی اور پھر مجھے 5 کروڑ 90 لاکھ روپے ادا کئے گئے لیکن دیگر رقم اب بھی باقی ہے جس کے لئے پی ٹی آئی کو قیادت کو ٹیلیفون کرتا ہوں لیکن فون اٹینڈ نہیں کیا جاتا۔

(جاری ہے)

ڈی جے بٹ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے بقایاجات کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، رقم ادا نہ کی گئی تو تحریک انصاف کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے ڈی جے بٹ سے بات ہوئی ہے، معاملہ جلد حل کر لیں گے۔ پی ٹی آئی کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ ڈی جی بٹ نے زیادہ بل چارج کیا اصولی طور پر مجموعی طور پر بل کی رقم 8کروڑ 5لاکھ روپے بنتی ہے جس میں سے تقریباً 6کروڑ روپے ادا کر دئیے گئے ہیں۔ عبد العلیم خان کی سربراہی میں دو رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس کا جائزہ لے رہی ہے۔