شرمیلا فاروقی کا تاریخی قبرستان چوکنڈی کا دورہ

تاریخی آثار کی حفاطت کے لئے پولیس چوکی ، حفاظتی دیوار کی مرمت اور چوکیداروں کی تعداد میں اضافہ کا حکم

پیر 6 جولائی 2015 17:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ کی معاونِ خصوصی برائے ثقافت و سیاحت شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ 600سال قدیم تاریخی چوکنڈی قبرستان انتہائی اہمیت کے حامل اور قیمتی آثار ہیں جو کہ اقوام متحدہ کی عارضی فہرست میں بھی شامل ہیں چوکنڈی قبرستان کی حفاظت اور بحالی کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جا رہے ہیں جس میں پولیس چوکی کا قیام ، حفاظتی دیوار کی مرمت و تعمیراور چوکیداروں کی تعداد 2 سے بڑھا کر 24 کر دی گئی ہے جو 3 شفٹوں میں اپنی ڈیوٹی سر انجام دینگے تا کہ قبروں کے قیمتی پتھروں کی چوری اور تباہی کو روکا جا سکے۔

یہ بات انھوں نے سیکریٹری ثقافت ، سیاحت و آثار قد یمہ ڈاکٹر نیاز عباسی، اسپیشل سیکریٹری انٹیکوٹیز عبدالکریم سولنگی ، ڈائریکٹر آرکیالوجی قاسم علی قاسم کے ہمراہ چوکنڈی قبرستان کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ سندھ میں پئپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو نے جب سے اپنی ثقافت اور تہذیب کے فروغ کے کام میں دلچسپی لی ہے تب سے حکومت سندھ بھی آثار قدیمہ کی بحالی اور حفاظت کے کاموں میں خاطرخواں اقدامات کر رہی ہے اور عوام کو اس نظام میں واضع تبدیلی اور بہتری نظر آئے گی۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور سول سوسائٹی کو بھی آگے آنے کی ضرورت ہے کیوں کہ یہ صرف سندھ کا اثاثہ نہیں بلکہ پورے پاکستان کا اثاثہ ہے ۔ قدیم چوکنڈی قبرستان خوبصورتی اور تاریخی اہمیت کے لحاظ سے بہت اہم ہے اس لئے یہاں پر سیاحوں کے لئے بھی انتظامات کے لئے خاطر خواں اقدام کئے جائیں گے

متعلقہ عنوان :