عافیہ صدیقی کو امریکی قید میں 10 سال سے زائد عرصہ ہوگیا،پاکستانی حکمرانوں سمیت کسی نے بھی رہائی کے لیے کچھ نہیں کیا‘ حافظ محمد ادریس

خود کو انسانی حقوق کا عالمی چمپئن اور مہذب قرار دینے والا امریکہ ایک بے گناہ اور معصوم مسلم خاتون پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہاہے

پیر 6 جولائی 2015 17:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ امت کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید میں 10 سال سے زائد عرصہ ہوگیاہے مگر پاکستانی حکمرانوں سمیت کسی نے بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کیا، خود کو انسانی حقوق کا عالمی چمپئن اور مہذب قرار دینے والا امریکہ ایک بے گناہ اور معصوم مسلم خاتون پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہاہے اور قیدیوں کے حقوق کا پرچار کرنے والی عالمی تنظیمیں اور ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، غزوہ بدر کے بعد پیغمبر رحمت حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے پہلی بار قیدیوں کے حقوق کا چارٹر دیا اور میدان بدر سے پکڑے گئے جانی دشمنوں کو بھی معزز مہمانوں سے بڑھ کر عزت دی ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے منصورہ میں مرکزی دفاتر کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد ادریس نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے انتخابی جلسوں میں ببانگ دہل یہ اعلان کیا تھاکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کروائیں گے ، انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کو اپنے منشور میں بھی شامل کررکھا ہے مگر دو سال سے زائد عرصہ گزر نے کے باوجود حکومت کی طرف سے اس سلسلہ میں کوئی کوشش سامنے نہیں آئی ۔

انہوں نے کہاکہ اگر صدر پاکستان امریکی صدر کے نام ایک رحم کی اپیل بھیج دیں تب بھی قوم کی معصوم بیٹی کو رہائی مل سکتی ہے مگر حکمرانوں کی خاموشی اور بے پراوہی اس بات کی غماز ہے کہ انہیں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے کوئی دلچسپی نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکمرانوں کے اندر کوئی غیرت اور اسلامی حمیت ہوتی تو آج عافیہ صدیقی امریکی جیل میں نہ سڑ رہی ہوتی ۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ امریکہ نے بدنام زمانہ گوانتانامو اور ابو غریب جیل میں مسلم قیدیوں پر شرمناک اور انسانیت کش مظالم ڈھائے اور ٹارچر کرنے اور اذیت دینے کے ایسے طریقے اختیار کیے جس سے امریکہ کا بھیانک چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکاہے ۔

متعلقہ عنوان :