پاکستان اور افغانستان کے عوام ہمسایہ ہی نہیں اسلام کے لازوال رشتوں سے وابستہ ہیں‘ لیاقت بلوچ

افغانستان میں امن اُسی صورت ممکن ہے کہ بیرونی جارح اورقابض افواج افغانستان سے نکل جائیں ‘ وفد سے گفتگو

پیر 6 جولائی 2015 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ سے منصورہ میں افغانستان کے وفد، نیشنل لیبر فیڈریشن اور شباب ملی کے نوجوانوں کے وفود نے ملاقات کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام ہمسایہ ہی نہیں اسلام کے لازوال رشتوں سے وابستہ ہیں۔افغانستان میں امن اُسی صورت ممکن ہے کہ بیرونی جارح اورقابض افواج افغانستان سے نکل جائیں اور افغان عوام کو آزادانہ طریقے سے اپنے مستقبل کے فیصلہ کا حق ملنا چاہیے۔

تخریب کاری اور دہشت گردی پاکستان او ر افغانستان کے عوام کی مشترکہ تباہی ہے۔افغانستان کے صدر اشرف غنی پر طالبان سے مذاکرات کے خاتمہ اور پاکستان سے کشمکش برقرار رکھنے کا دباؤ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی خطہ میں حق اور انصاف کی بنیادپر امن چاہتی ہے۔ کوئی بھی طاقت کسی پر اپنے موقف اور بالادستی کے لیے طاقت کا استعمال نہ کرے۔انہوں نے کہاکہ 13سال کی ناکامیوں کے بعد امریکہ اور نیٹو فورسز آئندہ بھی افغانستان میں کامیاب نہ ہوسکیں گی۔

امریکی صدر اوبامہ کی مدت صدارت اختتام پذیر ہے اس لیے امریکہ کی اندرونی سیاسی کشمکش نئے بحران پیدا کررہی ہے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کا فیصلہ مزدوروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔قومی اداروں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے یہ ادارے کسی ایک پارٹی یا حکومت کے نہیں بلکہ پوری قوم اس کی وارث ہے۔ حکومت تمام جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلائے۔

پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز میں صلاحیت ہے کہ نیک نیتی سے پیشہ وارانہ بنیادوں پر مزدوروں پر اعتماد کیا جائے تو ادارے بحال ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف ہے اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی اداروں کے بچاؤ کے لیے ہرممکن جدوجہد کرے گی۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسلام کی تاریخ میں ہمیشہ نوجوانوں نے کردار ادا کیا۔

رسول اﷲ، ﷺ کے ساتھ نوجوانوں نے ہی دنیا میں ایسا انقلاب برپا کیاکہ آج تک پوری دنیا اسکی مثال پیش نہیں کر سکی،میدان بدر میں مسلمان تعدا د میں کم اور بے وسیلہ تھے لیکن اﷲ کی مدد پر یقین اور رسول اﷲ ﷺ کی قیادت میں مجاہدین بد ر نے لازوال تاریخ مرتب کی اور اسلام کی فتوحات اور دعوت کی وسعت کا دروازہ کھول دیا آج بھی نوجوان اپنے اند ر میدان بدر جیسا جذبہ پیدا کریں ۔

ماہ رمضان کے آخری عشرہ میں مساجدکو اعتکاف اور اﷲ کو راضی کرنے کی مجالس سے آباد کردیں نوجوان ہی پاکستان کے نظریہ اور اسلامی تہذیب کی حفاظت کی جنگ لڑیں گے اور جیتیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر عالم اسلام کے اہم ترین اور حل طلب مسائل ہیں، ان کو حل کرنے کے لیے عالم اسلام اور عالمی برادری کو غفلت اور بے حسی ترک کرنا ہوگی۔