کولا مشروبات کا استعمال گیسٹرو اور اسہال میں اضافہ کا باعث بنتا ہے ‘ حکماء

گیسٹرومیں معدہ اورچھوٹی آنت میں سوزش ہوتی ہے جس سے شدید اسہال آنا شروع ہو جاتے ہیں

پیر 6 جولائی 2015 17:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء)پاکستان طبی کانفرنس لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام گیسٹرو ، اسباب اور تدارک کے موضوع پر مجلس مذاکرہ کا انعقاد ہوا جس میں پروفیسر حکیم اعجاز فاروقی ، حکیم محمدجاوید رسول، پروفیسر حکیم محمد احمد سلیمی ، پروفیسر حکیم سید عمران فیاض ، حکیم محمد افضل میو ، حکیم احمد حسن نوری ، حکیم عطاء الرحمان صدیقی ، حکیم عبدالحمید نظامی،حکیم محمد وحید الحسن چشتی،حکیم محمد سعید الحسن نظامی اور دیگر ماہرین نے شرکت کی ۔

حکماء نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیسٹرو نظامِ ہضم کی ایک ایسی شدید بیماری ہے جس میں معدہ اورچھوٹی آنت میں سوزش ہوتی ہے جس سے شدید اسہال آنا شروع ہو جاتے ہیں ۔ کولا مشروبات کا استعمال گیسٹرو اور اسہال میں اضافہ کا باعث بنتا ہے، گیسٹرو زیادہ ترمختلف وائرس(روٹا وائرس، اڈینو وائرس، کیلسی وائرس، اسٹرو وائرس، نور واک وائرس اور نورو وائرس) کی وجہ سے ہوتی ہے اور بعض اوقات بیکٹیریا ،ان کے زہر،طفیلیے یا بعض غذاؤں اور دواؤں کے مابعد اثرات کی وجہ سے بھی ہو جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ مرض ایک شخص سے دوسرے شخص کو لاحق ہو سکتا ہے۔حکماء نے کہا کہ گیسٹرو سے بچاؤ کے لیے احتیاط بہت اہم ہے۔ اس کے لیے درج ِذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہم گیسٹرو اور اس جیسے خطرناک امراض سے محفوظ رہ سکتے ہیں ۔کھانا کھانے سے پہلے اور رفعِ حاجت (غسل خانہ استعمال کرنے) کے بعد اپنے ہاتھ لازمی دھوئیں ۔پینے والے پانی کی صفائی کا خیال رکھیں۔

پانی ابال کر یا فلٹر شدہ استعمال کریں ۔حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق تیار شدہ تازہ خوراک استعمال کریں۔اپنی غذا میں سرکہ، پیاز اور پودینہ کا خصوصی استعمال کریں۔آلودہ پانی، گلے سٹرے اور کٹے ہوئے پھلوں کے استعمال بالخصوص تربوز اور کھیرے کے استعمال سے پرہیز کریں۔ غذا ترک کردینا عقل مندی نہیں بلکہ نارمل غذا کا استعمال جاری رکھیں۔

صرف مصالحہ داریا مرغن غذا اور شراب نوشی سے اجتناب کریں۔لیکٹوز جو کہ دودھ میں پائی جانے والی مٹھاس ہے کے استعمال سے بھی اسہال میں اضافہ ہو سکتاہے لہٰذا ایسی صورت میں دودھ کا استعمال نہ کیا جائے مگر شیر خوار بچوں میں ماں کا دودھ جاری رکھنا چاہیے ۔اسہال ،قے و متلی کے دوران اپنے معمولات کم کریں۔گیسٹرو اوراسہال کی صورت میں او۔آر۔ایس ملا پانی استعمال کریں۔گھر میں ا و۔آر۔ایس بنانے کا طریقہ یہ ہے۔آدھے لیموں کا رس، نمک، چینی حسبِ ذائقہ اورایک چٹکی سوڈا خوردنی، ایک گلاس پانی میں گھول لیں اور استعمال کریں۔