وزیراعظم کی طرف سے قائداعظم سولر پاور پراجیکٹ 16اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت خوش آئند ہے ‘ افتخار بشیر

سولر پاورمنصوبہ کی تکمیل کا ٹائم فریم کا تعین منصوبہ کی جلد تکمیل کا باعث بنے گا‘صدرگرائنڈنگ ملز ایسویسی ایشن

پیر 6 جولائی 2015 17:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیرسابق ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرآف کامرس نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے قائداعظم سولر پاور پراجیکٹ16اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئند ہ گرمیوں سے قبل منصوبہ مکمل ہونے اور بجلی کی پیداوار شروع ہونے سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ میں خاطر خواہ مدد ملے گی ،انہوں نے کہا کہ سولر پاور منصوبہ کی تکمیل کا ٹائم فریم کا تعین منصوبہ کی جلد تکمیل کا باعث بنے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دو پاور پراجیکٹ کو ایل این جی نہ ملنے کے باعث بندش کا نوٹس لیں اور انہیں بروقت گیس یا ایل این جی کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ یہ پاور پراجیکٹ بھی بجلی کی پیداوار شروع کرسکیں ۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر نے کہا کہ پنجاب کے اندر کول پاور پراجیکٹس ، سولر پاور اور دیگر پاور منصوبوں کی تکمیل سے توقع کی جاسکتی ہے کہ آئندہ سال موسم گرما شروع ہونے سے قبل توانائی بحران کا خاتمہ ہوجائے گا نیز بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی کمی واقع ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چینی اداروں کی طرف سے ہائیڈل منصوبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کی طرف توجہ دے کیونکہ ان منصوبوں سے سستی اور وافر بجلی کا حصول ممکن ہوسکے گا ۔حکومت توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے تمام تر دستیاب وسائل استعمال کرے تو ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ممکن ہے توانائی بحران کے خاتمہ سے انڈسٹریز ترقی کرینگی اور حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن مکمل ہوگا جس سے ملک کے اندر کثیر زرمبادلہ آئے گا اور حکومت معاشی بحران سے بھی باہر نکل آئے گی۔

متعلقہ عنوان :