ملک میں نئے اور جدیدہسپتالوں کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے، فلاحی منصوبوں کے ذریعے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں، ایسے فلاحی منصوبوں کو عبادت سمجھ کر سرانجام دینا چاہئے، تمام متعلقہ محکموں سے مشاورت کے بعد ایک فعال اور قابل عمل ماڈل تشکیل دیا جائے ،صدر مملکت ممنون حسین کی وفدسے گفتگو

پیر 6 جولائی 2015 17:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں نئے اور جدید اسپتالوں کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔وہ پیر کوشہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔ جنھوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے صدر مملکت کو پمز کے زیر انتظام مجوزہ میڈیکل ٹاور کمپلکس منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ اس طرح کے فلاحی منصوبوں کے ذریعے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایسے فلاحی منصوبوں کو عبادت سمجھ کر سرانجام دینا چاہئے۔ صدر ممنون حسین نے میڈیکل ٹاور کمپلکس منصوبے کو سراہا اور کہا کہ تمام متعلقہ محکموں سے مشاورت کے بعد ایک فعال اور قابل عمل ماڈل تشکیل دیا جائے تاکہ اس منصوبے کو عملی جامعہ پہنایا جاسکے۔

صدر مملکت نے پمز اسپتال کو دور حاضر کی جدید طبی سہولیات سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت کیڈ بیرسٹر عثمان ابراھیم اور سیکرٹری کیڈ خالد حنیف بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :