وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریاں جاری ، رمضان المبارک کے باعث امیدواروں کی کارنر میٹنگز افطار پارٹیوں میں تبدیل ، بعض امیدواروں کی طرف سے فلڈ لائٹس ٹورنامنٹس کا انعقاد

پیر 6 جولائی 2015 16:58

اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔ ماہ رمضان المبارک کے باعث امیدواروں کی کارنر میٹنگز افطار پارٹیوں میں تبدیل ہونا شروع ہو گئیں، بعض امیدواروں کی طرف سے فلڈ لائٹس ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی ہونے لگا۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 79 یونین کونسلوں میں 25 جولائی کو انتخابات کے انعقاد کے شیڈول کے اعلان اور کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد بلدیاتی امیدواروں کی طرف سے انتخابی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں لیکن ماہ رمضان کی وجہ سے روزہ داروں کو تنگ نہ کرنے کے عزم کی وجہ سے عام ایام کی نسبت سرگرمیاں مانند ہیں تاہم کارنر میٹنگز، افطار پارٹیوں میں تبدیل ہونا شروع ہو گئی ہیں اور امیدواروں کے حامی اور دوست احباب سحری کے وقت تک اور سحری کے بعد صوم و صلاة کی پابندی کے بعد بینرز اور پوسٹرز آویزاں کرنے کا کام نمٹاتے اور انتخابی منشور تقسیم کرتے ہیں ۔

کارکن ڈور ٹو ڈور کنونسنگ میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ انتخابی دفاتر بھی کھل چکے ہیں جو پورا دن اور تمام رات سحری کے وقت تک کھلے رہتے ہیں۔