وزیرمحنت راجہ اشفاق سرور اور وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق کا وفد کے ہمراہ فنی تربیت کے جدید نجی ادارے کا دورہ

پیر 6 جولائی 2015 15:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء)وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی خصوصی ہدایت کے مطابق پنجاب حکومت نوجوانوں کو با عزت روز گار کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے اورمقامی مارکیٹ کے علاوہ متحدہ امارات اور قطر کی اسکلڈ لیبر کی ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کا م شروع کردیا گیا ہے جبکہ سرکاری ٹیکنیکل ووکیشنل اداروں میں مروجہ کورسز کے ساتھ ساتھ دور حاضرکے شعبہ جات کے قیام پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار پنجاب کے صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرو ر نے صوبائی وزیر برائے صنعت چوہدری محمد شفیق کے ہمراہ پنجاب کے اعلیٰ سطحی افسران پر مشتمل وفد کے ہمراہ کورنگی میں قائم امن ٹیک انسٹیٹیوٹ کے معائنہ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ڈی پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل ساجد نصیر ، مینیجر آپریشن ٹیوٹا کرنل حامد غنی ، سٹی اینڈ گلڈز کے کنٹری منیجر اسد علی وڑائچ اور سی ای او امن ٹیک انسٹیٹیوٹ احمر اقبال کے علاوہ امن ٹیک انسٹیٹیوٹ کے ماہرین بشمول ظہیر حسن، مصطفےٰ بھائی والا اور علی ثانی بھی موجود تھے ۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ہنر مند بنانے کا مقصد ہے کہ ملک سے نہ صرف غربت کا خاتمہ ہوجائے بلکہ جرائم میں کمی اور دہشت گردی کی لعنت سے بھی چھٹکارامل سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا وژن ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کی روائتی شعبوں میں تربیت کرنے کے بجائے دور حاضر کے شعبہ جات میں عالمی اسٹینڈرڈ کو مدنظر رکھ کر تربیت کریں تاکہ انہیں بیرون ملک میں بہتر روزگار کے مزید مواقع میسر آسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیروز گاری کا خاتمہ ملکی مسئلہ ہے اور اس مسئلہ کے حل کے لیے حکومتی اور نجی اداروں کواجتماعی دانشمندی سے کام لینا ہوگا۔راجہ اشفاق سرور نے اپنے دور ہ کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ امن ٹیک انسٹیٹیوٹ ایک مثالی ادارہ ہے اور ہم اس کے شعبہ جات ، کورسز اور نصاب کا جائزہ لینے آئے ہیں کیونکہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف پنجاب میں بھی حکومتی اور نجی شعبوں کے اشتراک سے اس طرز کے ادارے قائم کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے مذکور ہ اداروں کے ماہرین کے ساتھ لاہور میں جلد مشاورتی اجلاس ہوگا ۔