50ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 2ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر خدیجہ عمر فاروقی نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی

پیر 6 جولائی 2015 14:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) مسلم لیگ (ق)شعبہ خواتین پنجاب کی صدر و رکن اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے پنجاب بھر کی50ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 2ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی۔انہوں نے اپنی تحریک میں مطالبہ کیا کہ عید سے قبل تمام ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کی 50ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 2ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے سے وہ اور ان کے اہل خانہ پریشانی کا شکار ہیں تنخواہیں بروقت نہ ملنے سے ان کے گھروں کے چولہے بند ہوگئے ہیں اور وہ اور ان کے اہل خانہ فاقہ کشی کا شکار ہیں ۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ حکومت کے پاس میگا پراجیکٹ میٹرو بس، میٹروٹرین اور رنگ روڈ کے لیے تو اربوں روپے موجود ہیں لیکن غریب لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تنخواہیں دینے کیلئے ان کے پاس پیسے نہیں انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بروقت تنخواہیں نہ ملنا بیڈ گورننس کی انتہا ہے ۔

(جاری ہے)

لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تنخواہیں نہ ملنے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ان کی تنخواہیں بند کرکے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے تاکہ انہیں پتہ چل سکے کہ غریب ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے سے وہ اور ان کے اہل خانہ کن کن مالی پریشانیوں کا شکار ہوتے ہیں ۔