کراچی، ایف آئی اے نے خالد شمیم کی گرفتاری کا اعتراف کر لیا

پیر 6 جولائی 2015 14:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے) نے واٹر بورڈ کے لاپتہ افسر خالد شمیم کی گرفتاری کا اعتراف کرلیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کو بتایا گیا کہ ملزم کو 90 روز کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں دیا گیا ہے۔ایف آئی اے نے ہائی کورٹ میں تحریری بیان داخل کیا ہے کہ خالد شمیم کو قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فرنٹیئر کور بلوچستان نے حراست میں لیاتھا۔

(جاری ہے)

خالد شمیم 2010 میں لندن میں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی سازش اور معاونت کرنے کا مرتکب ہوا۔ ملزم کو انسداد دہشت گردی کی ایکٹ کے تحت 90 روز کے لیے ایف آئی اے کی تحویل میں دیا گیا ہے۔واٹر بورڈ کے لاپتہ افسر خالد شمیم کی اہلیہ بینا خالد نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ 2011 میں ان کے شوہر کو ایئرپورٹ کے علاقے سے خفیہ اداروں نے حراست میں لیا۔ عدالت نے بینا خالد کو شوہر سے ملاقات کے لیے اسلام آباد میں ایف آئی اے حکام سے رابطہ کی ہدایت کی۔ سماعت 11 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :