آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کا کئی جیلوں میں قیدیوں سے موبائل فونز کی برآمدگی پر برہمی کا اظہار

پیر 6 جولائی 2015 14:43

فیصل آباد ۔6 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے سخت ہدایات کے باوجود اعلیٰ حکام کے اچانک چھاپوں کے دوران صوبہ کی بعض جیلوں میں چند قیدیوں سے موبائل فون برآمد ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آئندہ کسی قیدی سے موبائل فون برآمد ہوا تو متعلقہ جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ و انچارج بیرک ، وارڈر ، انچارج وارڈر، چیف وارڈر کو ملازمت سے بر طرف کر دیا جائے گا اور متعلقہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

محکمہ جیل خانہ جات کے ذرائع کے مطابق گذشتہ روز پنجاب بھر کی جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کے نام جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ آج کے بعد کسی جیل کے قیدی سے موبائل فون کی برآمدگی کو نا قابل معافی جرم اور غیر معمولی واقعہ تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کی سکریننگ ، باڈی سرچ اور تلاشی کے نظام کو مزید موٴثر بنایا جائے تاکہ قیدی موبائل فون، منشیات یا دیگر ممنوعہ اشیاء جیل کے اندر نہ لے جا سکیں ۔