کوئٹہ،جوائنٹ روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت تین افراد جاں بحق ، تین زخمی

پیر 6 جولائی 2015 11:47

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) کوئٹہ میں جوائنٹ روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔پیر کوپولیس کے مطابق جوائنٹ روڈ پر پاسپورٹ آفس کے سامنے نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار کلاں خان اور دو بھائی شبیر حسین اور احسن موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی جگہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں۔ پولیس اور ایف سی نے علاقے کا محاصرہ کر کے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کر دیں۔ واقعے کی پشتونخواء ملی عوامی پارٹی اور ہزارہ ڈیمو کرٹیک پارٹی کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ گزشتہ روز بھی باچا خان چوک پر دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوئے۔