عام انتخابات میں 35نہیں بلکہ 70پنکچر لگے ،کن پٹی پر بندوق رکھ کر فنڈ ریزنگ نہیں بھتہ لیا جاتاہے:عمران خان

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 5 جولائی 2015 17:30

عام انتخابات میں 35نہیں بلکہ 70پنکچر لگے ،کن پٹی پر بندوق رکھ کر فنڈ ریزنگ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5جولائی۔2015ء)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ 2013کے عام انتخابات میں 35پنکچر نہیں بلکہ اس سے بھی زیادہ ظلم ہوا ،ہمارے وکیل نے عدالت میں بتایاکہ 35پنکچر نہیں بلکہ 70پنکچر لگائے گئے ،ایم کیوایم میرے کیخلاف کیس کرسکتی ہے تو بی بی سی کیخلاف بھی کر سکتی ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایسا کہاں ہوتاہے کہ ایک ملک کا قائد دوسرے ملک کی ایجنسی کا مہمان ہو ،بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق چیف نے الطاف حسین کو پیسے دینے سے متعلق بیان کی تردید نہیں کی ،ایم کیوایم اگر میرے کیخلاف کیس کر سکتی ہے تو بی بی سی کیخلاف بھی کر سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کن پٹی پربندوق رکھ کر پیسے لینے کو فنڈ ریزنگ نہیں بلکہ بھتہ خوری کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری فوج کیخلاف بیان د ے کر دبئی بھاگ گئے ہیں ،آصف زرداری ڈر کر دبئی بھاگے ہیں ،انہو ںنے کہاکہ سندھ میں کرپشن کے ریکارڈ تو ڑ دیئے گئے ہیں ،کرپشن کے باعث سندھ میں افراتفری پھیلی ہو ئی ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی شوکت خانم ہسپتال کیلئے زمین مل گئی ہے اور وہ اسی سلسلے میں کراچی آئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 35پنکچر والی بات مرتضیٰ پویا اور ڈاکٹر اعجاز نے کی اور وہ آج بھی اپنی بات پر قائم ہیں ،نجم سیٹھی نے خود تسلیم کیا تمام کام نوازشریف کنٹرول کر رہے تھے ۔ عمران خان نے کہا کہ 2013کے عام انتخابات کے بعد نواز حکومت نے نجم سیٹھی کو عہدے سے نوازا ،پنجاب میں سب سے زیادہ اور اصل دھاندلی ہوئی ،پنجاب میں آر اوز کو اضافی بیلٹ پیپر ز سے متعلق کسی نے نہیں پوچھا ،سوائے 1970کے پاکستان کی تاریخ میں ہونے والے تمام انتخابات متنازع ہیں ،ہم نے انکوائر کمیشن میں ثابت کیا کہ پنجاب میں الیکشن آر اوز کے ذریعے کروایا گیاہے ۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ الیکشن کی تحقیقا ت ہو رہی ہے اور جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ جوبھی اسے قبول کریں گے اس سے جمہوریت آگے بڑھے گی ۔