Live Updates

` عمران خان ایک جھوٹ کا نام ہے ، پہلے 35 پنکچرز کا رونا رویا بعد میں سیاسی بیان قرار دے دیا،وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی

کراچی میں ہلاکتیں کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہوئیں، کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑا جا سکتا الطاف حسین برطانوی شہری ہیں اور عمران خان فاروق قتل کیس کی تحقیقات برطانوی پولیس کر رہی ہے `

اتوار 5 جولائی 2015 17:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء) وزیر مملکت برائے بجلی و پانی عابد شیر نے کہا ہے کہ عمران خان ایک جھوٹ کا نام ہے پہلے 35 پنکچرز کا رونا رویا بعد میں سیاسی بیان قرار دے دیا ۔ عمران خان کو جھوٹ پر نااہل قرار دیا جائے ۔ کراچی میں ہلاکتیں کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہوئی ہیں کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑا جا سکتا ۔ سندھ اور تھر میں چلڈرن ہسپتال بنایا جائے گا ۔

الطاف حسین برطانوی شہری ہیں اور عمران خان فاروق قتل کیس کی تحقیقات برطانوی پولیس کر رہی ہے ۔ اتوار کے روز وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر نے فیصل آباد میں ایک چلڈرن ہسپتال کا افتتاح کیا۔ چلڈرن ہسپتال ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہے اور 280 کنال کے رقبے پر بنایا گیا ہے اس موقع پر رہنما مسلم لیگ (ن)عابد شیر علی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جھوٹ کا دوسرا نام ہے عمران خان نے 4 مہینے کنٹینر پر 35 پنکچر کا رونا رویا اور بعد میں کہا کہ یہ صرف ایک سیاسی بات تھی جس پر وہ صادق اور امین نہیں رہے لہذا الیکشن کمیشن ان کو نااہل قرار دے ۔

(جاری ہے)

عمران خان ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتے ہیں جس پر ان کو علاج کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ کراچی شہر میں ہلاکتوں اور نااہلی کی ذمہ دار صرف و صرف کے الیکٹرک ہے جس کی ناکامی سے ہزاروں ہلاکتیں اور نقصان ہوا ہے کراچی کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑ سکتے ۔ کے الیکٹرک سے نیپرا نے تحقیقات کی ہیں اگر کے الیکٹرک نیپرا کی جانب ے ہلاکتوں کی ذمہ دار ٹھہرائی گئی تو پھر کارروائی کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات برطانوی پولیس کر رہی ہے اور الطاف حسین برطانوی شہری ہیں ان کو برطانیہ سے تعاون کرنا چاہئے اور برطانیہ کے قوانین کا احترام کرنا چاہئے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات