ڈھائی کروڑ بچے کبھی سکول نہیں گئے ،سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں ہے‘ منظور وٹو

تعلیم اور صحت کے شعبوں پر سرکاری اورنجی ترقیاتی حکمت عملی میں توجہ نہیں دی جارہی ‘ صدر پی پی پنجاب

اتوار 5 جولائی 2015 16:51

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء ) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو سرکاری اورنجی ترقیاتی حکمت عملی میں وہ توجہ نہیں مل رہی جو ان کو ملنی چاہیے،آج ڈھائی کروڑ بچے ایسے ہیں جو کبھی سکول نہیں گئے اور انکی سب سے زیادہ تعداد بدقسمتی سے پنجاب میں ہے۔یہ بات انہوں نے امیر بیگم ویلفیئر ٹرسٹ، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چھٹے سالانہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

منظور وٹو نے کہا کہ معاشرے اور حکومت کو چاہیے کہ ان بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے تمام ذرائع ترجیحی بنیادوں پر بروئے کار لائیں تا کہ یہ بچے قوم کے مستقبل کو سنواریں نہ کہ معاشرے کے لیے ایک مستقل بوجھ ثابت ہوں۔ انہوں نے ٹرسٹ کی خدمات کو سراہا جو کہ تعلیم، صحت اور دوسرے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کے ہسپتال میں 6ہزار 4سو غریبوں کو مفت سالانہ ڈائلیسز کی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔

ایسی سہولت ملتان اور لاہور کے درمیان موجود ہی نہیں۔اسکے علاوہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام کئی سکول کام کر رہے ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاپان کی مدد سے ایک لڑکیوں کا سکول قائم کیا جہاں پر 1000 کے قریب بچیاں تعلیم حاصل کررہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سینکڑوں دیہاتوں میں ٹرسٹ پینے کے صاف پانی کا بندوبست کر رہا ہے اور یہ سہولت اس سال ستمبر میں دیہاتیوں کو میسر ہو گی۔

متعلقہ عنوان :