غیرمعیاری کھانا کھانے سے سویٹ ہومز کے150بچوں کی حالت غیر ہو گئی

بچوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، تمام بچوں کو چیک اپ کیلئے لائے ہیں ، تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، بچوں کو ناشتے میں دودھ اور ڈبل روٹی دی تھی ، رات کو افطاری کے دوران کھانا کھایا تھا، تحقیقات کر رہے ہیں کہ کہیں رات کا کھانا غیر معیاری تو نہیں تھا،ایم ڈی بیت المال

اتوار 5 جولائی 2015 15:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء) غیرمعیاری کھانا کھانے سے سویٹ ہومز کے150بچوں کی حالت غیر ہو گئی،بچوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا،جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو اسلام آباد کے ایک مقامی سویٹ ہومز کے تقریباً150 کے بچوں کی مضر صحت کھانا کھانے سے حالت غیر ہو گئی،سویٹ ہومز کے56بچوں کو ہولی فیملی ہسپتال،30بچوں کو پولی کلینک جبکہ 50بچوں کو پمز ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایم ڈی بیت المال عابد وحید شیخ بھی اس دوران مختلف ہسپتالوں کا دورہ کرتے رہے جبکہ سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان بھی موقع پر پہنچ گئے۔ دونوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام بچوں کو چیک اپ کیلئے لائے ہیں ، اب تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، بچوں کو ناشتے میں دودھ اور ڈبل روٹی دی تھی جبکہ رات کو افطاری کے دوران کھانا بھی کھایا تھا، تحقیقات کر رہے ہیں کہ کہیں رات کا کھانا غیر معیاری تو نہیں تھا، کھانے پینے کی اشیاء کا لیبارٹری سے ٹیسٹ کروائیں گے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بچوں کی عمریں 5 سے 10سال کے درمیان ہیں، بچے پانی کی کمی (ڈائیریا) کا شکار ہیں، تمام بچوں کو قے اور دستوں کی شکایات ہیں۔