دو سالوں میں ناکام منصوبوں کی سیریز دینے پر حکومت کا نام گنز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونا چاہیے ‘ مسرت چیمہ

پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خوفزدہ (ن) ، پی پی سمیت دیگر جماعتوں نے ابھی سے آئندہ انتخابات میں اتحاد بنانے پر غور شروع کر دیا

اتوار 5 جولائی 2015 15:21

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود نندی پور اور قائد اعظم سولر پاور کے منصوبے ناکامی سے دوچار ہو چکے ہیں ، دو سالوں میں ناکام منصوبوں کی سیریز دینے پر حکومت کا نام گنز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونا چاہیے ،پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں نے ابھی سے آئندہ انتخابات میں اتحاد بنانے پر غور شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پارٹی دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والی خواتین کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا جمہوریت پر پختہ یقین ہے جس کا ثبوت پارٹی میں نیچے سے لے کر چیئرمین کے عہدے تک انٹر اپارٹی انتخابات کا انعقاد تھا جبکہ جمہوریت کی چمپئن ہونے کی دعویدار دوسری جماعتوں میں عہدوں پر صرف سلیکشن کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ، بیروزگاری کے ساتھ بجلی کے بد ترین بحران نے غریبوں کی زندگی دو بھر کر دی ہے ۔ اگر حکمرانوں کے اپنے گھروں کی بجلی جاتی ہوتی تو انہیں غریب کے دکھ اور درد کا احساس ہوتا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران ہر شعبے میں ناکام ہو چکی ہیں جس سے اس کے تجربہ کار ہونے کا بھی پول کھل گیا ہے۔