اسلامی تحریکیں اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے قیام کی وجہ سے عالمی استعمار کے نشانے پر ہیں،عبدالرشید ترابی

جماعت اسلامی وحدت کشمیر کی علمبردار ہے گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کا حصہ ہے ،کشمیر کی مکمل آزادی تک گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دئیے جائیں، تقریب سے خطاب

اتوار 5 جولائی 2015 14:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اسلامی تحریکیں اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے قیام کی وجہ سے عالمی استعمار کے نشانے پر ہیں،جماعت اسلامی وحدت کشمیر کی علمبردار ہے گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کا حصہ ہے ،کشمیر کی مکمل آزادی تک گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دئیے جائیں اور اس کو باوقار اور بااختیار سیٹ اپ دیا جائے ،20لاکھ کشمیری مہاجرین مسئلہ کشمیر کے سفیر بن کر اپنے مسئلے کو اجاگر کریں اور حکومتوں کو رائے عامہ کے دباؤ سے مجبور کریں کہ وہ اپنے قومی موقف سے پیچھے نہ ہٹے،مہاجرین مقیم پاکستان اس جماعت کا ساتھ دیں جو مسئلہ کشمیر اور جب بھی کشمیر آزمائش میں ہوں تو ان کی مدد کرنے والوں کا ساتھ دیں ،باکردار قیادت ہی حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے معاشرے کی اصلاح اور باکردار قیادت کی تیاری جماعت اسلامی کے سوا کوئی نہیں کررہا ،،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام افطار ڈنر اور نومنتخب امیر ضلع کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر نو منتخب امیر ضلع واجد اقبال عباسی ،پرویز شاہین،افضال،تسنیم عالم منظر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومتیں اپنا مطلوبہ کردار ادا کرتیں تو آج کشمیر آزاد ہو چکا ہوتا اور آزاد خطے کے مسائل حل ہوچکے ہوتے مگر بد قسمتی سے بیس کیمپ میں بننے والی حکومتوں نے تحریک آزادی کشمیر میں اپنا کردار ادا کرنے اور عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے محض اپنی تجوریاں بھرنے پر ساری توجہ مرکوز رکھی میرٹ کا قتل عام کیا ،کرپشن کے بازار گرم کیے،ظلم اور نا انصافی کے ریکارڈ قائم کیے جس کی وجہ سے آزاد خطے کے عوام مسائل کی دلد ل میں دھنستے چلے گئے اور عملاً تحریک آزادی کشمیر سے لاتعلق ہوتے چلے گئے یہ ایک سازش تھی اہل کشمیر کو اپنے مقصد سے دور رکھنے کی ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حقیقی تبدیلی کے لیے جدوجہدکررہی ہے تا کہ وہ بیس کیمپ میں برسراقتدار آکر اس کے حقیقی کردار کو بھی بحال کرے اور عوام کے مسائل بھی حل کرے اورجن مقاصد کے لیے یہ خطہ آزاد کروایا گیا تھا ان کی تکمیل بھی کرے ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی امید کی واحد کرن ہے جس کے پاس نوجوان نسل کے لیے شاندار لائحہ عمل اور عوامی خدمت کے لیے بے مثال ٹیم موجود ہے جماعت اسلامی اپوزیشن کی جماعت ہونے کے باوجود وہ کار ہائے نمایاں سر انجام دے رہی ہے جو حکومتیں بھی نہیں کر سکی ہیں اگر حکومت کے وسائل جماعت اسلامی کے پاس آ جائیں تو آزاد خطے کو ایک اسلامی فلاحی ریاست کا ماڈل قائم کر دیں جو باقی دنیا کے لیے بھی نمونہ ہو اور اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے لیے بھی باعث رغبت ہو ،انہوں نے کہاکہ عوام علاقوں ،برادریوں کے تعصبات کے دائرے سے نکل کر وسیع تر عوامی مفاد کی خاطر جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پرجمع ہو ں تا کہ عوام کی امنگوں کے مطابق آزاد خطے کو ایک ماڈل ریاست بنایا جا سکے،انہوں نے کہا کہ روایتی پارٹیاں اور قیادتیں شخصیات اور خاندانوں کی پارٹیاں بن چکی ہیں باپ کے بعد بیٹا بیٹے کے بعد پوتا اور یہ سلسلہ چل رہا ہے جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جس میں ہر سطح پر جمہوری اور مشاورتی انداز سے فیصلے کیے جاتے ہیں اور اس میں عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جاتا ہے اور اس میں میرٹ کی بنیاد پر تقوے اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر قیادت کو منتخب کیا جاتا ہے جو اس جماعت کا طرہ امتیاز ہے ۔