وزیر اعظم نے ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر نوٹس لے کر عوام کے جذبات کی ترجمانی کی، تحقیقاتی رپورٹ آنے پر ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، اراکین اسمبلی اور سابق کھلاڑیوں کی گفتگو

اتوار 5 جولائی 2015 14:35

لاہور ۔05 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء) ہاکی کے سابق کھلاڑیوں ، اراکین اسمبلی اور شائقین ہاکی نے کہا ہے کہ اولمپکس میں کوالیفائی نہ کرنے اورقومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے سخت نوٹس لے کر اور وفاقی بین الصوبائی رابطہ وزارت کے سیکرٹری اعجاز چوہدری کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کرکے شائقین ہاکی کے جذبات کی ترجمانی کی ہے اور امید ہے کہ ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تحقیقاتی رپورٹ آنے پر ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اتوار کے روز اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق انٹرنیشنل ہاکی پلیئر مبشر مختار نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار قومی ٹیم اولمپکس کے لئے کوالیفائی نہ کر سکی۔

(جاری ہے)

ٹیم کے اولمپکس میں کوالیفائی نہ کرنے اور پی ایچ ایف کی ناقص کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کے چیف سلیکٹر اصلاح الدین ، سلیکشن کمیٹی کے رکن خالد بشیر اور جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ کامران اشرف کے مستعفی ہونے کے بعد ٹیم مینجمنٹ اور پی ایچ ایف کے عہدیداروں کو بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجانا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ پی ایچ ایف پر فوری طور پر ایڈہاک لگا کر ہاکی کے معاملات دو سال کے لئے تجربہ کار افراد کے حوالے کئے جائیں۔ مبشر مختار نے کہا کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان ٹیم کی آسٹریلیا ،انگلینڈ اور دوسری ٹیموں کے خلاف شکست فٹنس ،گیم پلان کی خامیوں اور ٹورنامنٹ سے قبل کوچنگ سٹاف میں تبدیلیوں کی وجہ سے ہوئی ہے ۔پاکستان ٹیم کے ساتھ کوچنگ کرنے والے سمیر حسین ،ناصر علی اور شفقت حسین کو ٹورنامنٹ سے قبل ہٹا کر دانش کلیم کو کوچ مقرر کیا گیا جس کی وجہ سے ٹیم کی پرفارمنس میں فرق پڑا۔

ہیڈ کوچ شہناز شیخ کی جگہ نوجوان کوچز کو موقع دینا چاہئے۔ محمد ثقلین نے کہاکہ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے انقلابی اقدامات کیے جانے چاہیں ۔کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں اور گراس روٹ سطح پر ہاکی پر زیادہ توجہ دی جائے۔ قومی اسمبلی کے رکن میاں جاوید لطیف ، رکن پنجاب اسمبلی عارف خان سندھیلہ ،میاں منیر احمد اور رانا علی سلمان کا کہنا تھا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے لیکن قومی ہاکی ٹیم کی بدترین کارکردگی سے شائقین ہاکی کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی سخت مایوسی ہوئی ہے۔

وزیر اعظم پاکستان نے ہاکی کی ناقص کارکردگی کا سخت نوٹس لے کر اور تحقیقاتی کمیٹی قائم کرکے اچھا قدم اٹھایا ہے اور ٹیم کی شکست کے ذمہ داران کے خلاف یقینی طور پر ایکشن لیا جائے گا ۔شائقین ہاکی نوید احمد ،نذیر احمد ،اظہر محمود ،حسن محمود ،اطہر محمود کا کہنا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ہاکی کے عہدیداران کو اپنے عہدوں سے استعفی دے کر دوسرے لوگوں کو موقع دینا چاہیئے۔ذمہ داران کو کسی صورت بھی معافی نہیں ملنا چاہئے اور ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جانی چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :