متحدہ کی کمیٹی عسکری ونگ منظم کر رہی ہے : تر جما ن رینجرز

کراچی میں آپریشن کسی مخصوص جماعت نہیں صرف جرائم میں ملوث افراد کیخلاف کیا جا رہا ہے :بیان آپریشن کامقصد کراچی سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ نہیں بلکہ ایم کیوایم کوختم کرناہے، رابطہ کمیٹی

اتوار 5 جولائی 2015 13:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء) رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی میں جاری آپریشن صرف جرائم میں ملوث افراد کے خلاف ہے ، متحدہ قومی موومنٹ کی تنظیمی کمیٹی عسکری ونگ کو منظم کر رہی ہے۔ ترجمان رینجرز کے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ شہر قائد میں آپریشن صرف جرائم میں ملوث ملزمان اور مجرمان کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ آپریشن کسی بھی سیاسی مذہبی کے خلاف نہیں بلکہ ان جماعتوں میں پلنے والے عسکری ونگز کے خلاف کیا جا رہا ہے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا تھا ایم کیو ایم کی تنظیمی کمیٹی عسکری ونگ کو منظم کرتی ہے ، اس لئے سیکٹر انچارج اور یونٹ انچارجز کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ ایم کیو ایم کے کچھ لوگ خود بھی گرفتاریاں دے رہے ہیں تاہم گرفتار کئے گئے تمام افراد کو عدالت میں پیش کرکے انہیں قانونی حقوق دیئے جاتے ہیں،ادھر رابطہ کمیٹی نے رینجرز کے ترجمان کے بیان پر ردعمل ظا ہر کر تے ہو ئے کہا کہ رینجرز کے ترجمان کابیان اس حقیقت کااعتراف ہے کہ آپریشن صرف اورصرف ایم کیوایم کے خلاف کیاجا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے ’اب اس بات میں کوئی شبہ نہیں رہ گیا کہ آپریشن کامقصد کراچی سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کرنا نہیں بلکہ ایم کیوایم کوختم کرناہے۔‘اس سے قبل ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ایک بیان میں کہا کہ سندھ کے شہریوں پر رینجرز غیرآئینی، غیرقانونی اور زمانہ جاہلیت کے ظلم و ستم ڈھا رہی ہے۔ ’ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ساتھ جنگی قیدیوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے اور رینجرز نے پورے سندھ کو مقبوضہ سندھ بنادیا ہے۔

‘ایم کیو ایم کے ایک اعلامیے کے مطابق الطاف حسین نے رینجرز کی کارروائیوں سے آگاہ کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ٹیلی فون بھی کیا مگر ’پہلی کال پر آواز صاف نہیں آ رہی تھی اور قائم علی شاہ اپنی ضعیف العمری کے باعث الفاظ کو صحیح معنوں میں سمجھ نہیں پارہے تھے مگر دوسری بار کال کرنے پر ان کے آپریٹر نے اٹھایا اور اس نے کچھ دیر میں کال کرنے کا وعدہ کیا مگر انھوں نے کال نہیں کی۔

‘ایم کیو ایم کے اعلامیے کے مطابق بعد میں الطاف حسین نے ’پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری کو دبئی میں دو فون نمبروں پر کئی بار کال کی مگر وہاں بھی کسی نے فون نہیں اٹھایا۔الطاف حسین نے اپنے بیان میں کہا ’سندھ آگ میں جل رہا ہے لیکن قائم علی شاہ کا غیرذمہ دارانہ رویہ اور آصف علی زرداری کا یہ رویہ انتہائی افسوسناک ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انھیں سندھ دھرتی اور سندھ کے باسیوں سے ذرہ برابر نہ کوئی محبت ہے اور نہ ان کے مستقبل کی فکر ہے

متعلقہ عنوان :