کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی آڑمیں پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کو انتقامی کارروائیوں کانشانہ بنارہی ہے ۔ارکان اسمبلی ایم کیوایم

ہفتہ 4 جولائی 2015 23:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان اسمبلی نے حکومت سندھ کی جانب سے فیڈرل بی ایریا میں بوہرہ کمیونٹی کاشادی ہال منہدم کرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی آڑمیں پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کو انتقامی کارروائیوں کانشانہ بنارہی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں ارکان اسمبلی نے کہاکہ حکومت سندھ کے وزراء اورارکان اسمبلی نے پورے سندھ میں کرپشن کا بازار گرم کررکھا ہے،پورے سندھ کولوٹا جارہا ہے ، پل ، سڑکیں،اسکول ،اسپتال محض سرکاری فائلوں میں بن رہے ہیں جس کی رپورٹس روزانہ میڈیاکی زینت بن رہی ہیں لیکن اپنی اس ہوشرباکرپشن اورلوٹ مارپرپردہ ڈالنے کیلئے پیپلزپارٹی کی حکومت کراچی کوانتقام کانشانہ بنارہی ہے۔

(جاری ہے)

پورے سندھ میں سرکاری ونجی املاک میں غیرقانونی شادی ہالزقائم ہیں،قاسم آباداور دیگرشہروں میں پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں نے غیرقانونی طورپر شادی ہال قائم کئے ہوئے ہیں لیکن صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن کوپورے سندھ میں سرکاری ونجی زمینوں پرتجاوزات دکھائی نہیں دیتیں بلکہ ان کا سارا ذور کراچی میں شہریوں کی جانب سے بنائے گئے نجی شادی ہالز گرانے پرہے۔

آج بھی فیڈرل بی ایریا میں بوہرہ کمیونٹی کاشادی ہال لوگوں کے شادی ہالز منہدم کردیاگیا۔ارکان اسمبلی نے کہاکہ اگروزیربلدیات میں اتنی ہی ہمت تووہ کراچی میں رینجرز، آرمی ، نیوی، ایئرفورس ،سول ایوی ایشن اورڈی ایچ اے کی جانب سے قائم کئے گئے غیرقانونی شادی ہالز کے خلاف کارروائی کرکے دکھائیں۔ارکان اسمبلی نے کہاکہ حکومت سندھ کراچی کے شہریوں اورکمیونیٹز کے شادی ہال گراکرکراچی کے شہریوں کوانتقام کانشانہ بنارہی ہے اوران کامعاشی قتل کررہی ہے جو قابل مذمت ہے۔