5 جولائی پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ

5جولائی کو ضیا آمر نے شب خون مارتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر ملک کو آمریت کی دلدل میں دھکیل دیا تھا،سید قائم علی شاہ

ہفتہ 4 جولائی 2015 23:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر اور وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے 5جولائی کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 جولائی پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، 5جولائی کو ضیا آمر نے شب خون مارتے ہوئے فخر ایشیا، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر ملک کو آمریت کی دلدل میں دھکیل دیا تھااور عوام کے ہر دلعزیز رہنما کو عوا م سے علیحدہ کرکے ڈکٹیٹرشپ کو قائم کیا گیا۔

اس دوران شہید بھٹو شہید بے نظیر بھٹو اور پارٹی کے ہزاروں کارکنوں کو پابند سلاسل کیا گیا شہید بھٹو کا قتل کے جھوٹے مقدمے میں ان کا عدالتی قتل کرکے انہیں شہید کردیا گیا۔ پارٹی کے کارکنوں کو 82 ہزار کوڑے مارے گئے کارکنوں کو جھوٹے مقدموں پر پھانسی پر چڑھاکہ شہید کردیا گیا مگر پھر بھی پارٹی کے جیالے کارکنوں نے ضیا آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھی اور قید و بندکی صوبتوں کی پرواہ نہیں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک میں جمہوریت کے قیام اور آمریت کے خاتمے کیلئے طویل جدوجہد کی ہے اور جمہوری اداروں کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ سید قائم علی شاہ نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کام کیا ، ملک کو متفقہ جمہوری پارلیمانی وفاقی آئین دیا، ملک میں صنعتی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کیلئے دن رات کام کیا۔

ان کی یادگار کارناموں میں پاکستان میں اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد، پورٹ قاسم، اسٹیل مل، نیوکلیئر پلانٹ اور دیگر ان گنت پروجیکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا دور ایک مثالی اور عوامی دور تھا۔ ان کے دور میں ملک کے دیگر حصوں کی طرح سندھ میں بھی مثالی ترقی ہوئی، مگر ناعاقبت اندیش اور غیر جمہوری قوتوں نے ان کی عوامی حکومت کا خاتمہ کردیا اور آگے چلکر ایک جھوٹے مقدمے میں انہیں سزا دیکر شہید کردیا۔

سید قائم علی شاہ نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو سیاست کو ڈرائنگ روموں میں سے نکال کر عوام کے درمیان لائے اور ان کی یہ کاوش تاریخ میں ہمیشہ یادگار رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی 5جولائی کو ہر شہر اورگاں اور قریہ قریہ میں یوم سیاہ مناکر آمریت سے نفرت کرکے عوامی راج کی تائید کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کا مشن لیکر آگے چل رہے ہیں اور اپنے عظیم قائدین کی قیادت میں شہید بھٹو اور شہید بے نظیر کا مشن اور خواب ہر قیمت پر پورا کریں گے اور عوام کو انکے حقوق فراہم کرکے دم لیں گے۔