Live Updates

سندھ حکومت چاہ کر بھی اتنا بڑا انسانی المیہ نہ سنبھال سکی ،اس کیلئے اہلیت درکار ہوتی ہے،کراچی میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے،کراچی ہلاکتوں پرسیاست کرنے نہیں انسانی ہمدردی کے لئے آئی ہوں، گرمی سے متاثرہ افراد کی عیادت کیلئے تاخیر سے آنے پر افسوس ہے

تحریک انصاف کے چیئرمین کی اہلیہ ریحام خان کی میڈیاسے گفتگو

ہفتہ 4 جولائی 2015 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے کہاہے کہ سندھ حکومت چاہ کر بھی اتنا بڑا انسانی المیہ نہ سنبھال سکی کیونکہ اس کے لئے اہلیت درکار ہوتی ہے، سندھ حکومت ان اموات کی ذمہ داری قبول نہیں کر رہی جو کہ سب سے زیادہ افسوسناک بات ہے،کراچی میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے،اگر حکومت اپنے ائر کنڈیشنڈ دفتروں سے باہر نکل آئے تو انہیں غریب عوام کا احساس ہو۔

ہیٹ اسٹروک سے ہونیوالی ہلاکتوں کی ذمے داری کوئی نہیں لے رہا ۔ آفات پر ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنا بے حسی ہے۔قدرتی آفت آئے تو صرف خیراتی اداروں کی طرف ہی نہیں دیکھنا چاہئے ۔ خود سے بھی کوشش کرنی چاہئے ۔ کراچی میں اگر کہیں آگ لگ جائے تو فائر بریگیڈ کے پاس پانی بھی نہیں ہوتا ۔

(جاری ہے)

کراچی میں گرمی اور لو لگنے سے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت اور مریضوں کی عیادت کرنے کراچی آئی ہوں، عمران خان کی اہلیہ ریحام خان ہفتہ کی دوپہرگرمی سے پریشان حال مریضوں کی عیادت کیلئے کراچی پہنچیں۔

کراچی ایئرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو میں ریحام خان نے وفاقی و صوبائی حکومت کو شدیدتنقید کا نشانہ بنایا۔اس موقع پر فیصل واڈا،خرم شیرزمان سمیت دیگررہنمابھی موجود تھے۔ ریحام خان نے کہاکہ وہ کراچی ہلاکتوں پرسیاست کرنے نہیں انسانی ہمدردی کے لئے آئی ہیں، کراچی میں سیکڑوں لوگ گرمی سے جاں بحق ہوگئے لیکن کسی نے بھی اپنی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات کا یہ مطلب نہیں کہ حکومت ہاتھ پرہاتھ رکھ کر بیٹھ جائے، حکومت اگرامداد پرچلے گی تو کوئی بھی کام ڈھنگ سے نہیں ہوگا۔ریحام خان نے کہاکہ اگر معاملات خیرات سے چلائے جائیں تو کراچی جیسے حالات ہی سامنے آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تھر میں بھی لوگوں کو نظرانداز کیا گیا اسی طرح کراچی کے عوام کو بھی نظر انداز کیا جارہا ہے،اگرسارے کام فلاحی اداروں کو ہی کرنا ہیں تو صوبائی اور وفاقی حکومت کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ غریب طبقے کے پاس نہ اے سی ہے اور نہ ہی دیگر مراعات ہیں اس کے برعکس حکومتی شخصیات ٹھنڈے کمروں کو ترجیح دیتی ہیں۔بدقسمتی سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت کے پاس کچھ نہیں ہے۔ کراچی میں اگر کہیں آگ لگ جائے تو فائر بریگیڈ کے پاس پانی بھی نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کی پرائیویٹ ہونے کے باوجود بھی حکومت کی طرف سے نگرانی ضروری ہے۔بعد ازاں ریحام خان نے جناح اسپتال کا دورہ کیا جہاں اسپتال انتظامیہ نے انہیں بتایا گرمی میں کمی کے بعد اب ہیٹ سٹروک کا کوئی مریض نہیں ہے جس پر انہوں نے تاخیر سے آنے کا اعتراف کیا لیکن جب کوئی بات نہ بنی تو ریحام خان نے پینترا بدلتے ہوئے وارڈ کے انتظامات پر تنقید کردی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات