آمر ضیاء کا بویا بیج اب درخت بن گیا ،اس کے پیدا کردہ ” رکاس“اب بانیان پاکستان کے خوابوں کو چکنا چور کرنے کیلئے ملک کو ہر طرف سے نشانہ بنارہے ہیں، کوئی بھی قیمت اداکرنی پڑے پیپلزپارٹی وفاقی یونٹس کو ایک لڑی میں پرونے والا کردار جاری رکھے گی ،پیپلزپارٹی کے خلاف سازشیں ہوئیں تو ان کو ناکام بنادیں گے

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا5جولائی کے حوالے سے پیغام

ہفتہ 4 جولائی 2015 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے محب وطن عوام کو خبردار کیا ہے کہ آمر جنرل ضیاء کی طرف سے بویا ہوا بیج اب درخت بن گیا ہے اور ضیاء کے پیدا کردہ ” رکاس“ آج بانیان پاکستان کے خوابوں کو چکنا چور کرنے کے لیے ملک کو ہر طرف سے نشانہ بنارہے ہیں ۔ آمر کا بویا ہوا بیج آج دہشت گردی ، انتہاپسندی ، آمرانہ سوچ ، عدم برداشت ، اور غربت کے مکمل اژدھے بن چکے ہیں ۔

آمر ضیاء نے جو اس ملک پر جو مسلط کیا ہے اس کا نتیجہ پاکستان آج تک بھگت رہا ہے، پیپلزپارٹی اس ملک کے فیڈریشن یونٹس کو ایک لڑی میں پرونے والا اپنا کردار جاری رکھے گی ، چے جائیکہ ان کو مزید قیمت ادا کرنی پڑے ۔ پیپلزپارٹی کے خلاف اگر سازشیں ہوئیں تو ان کو اس ملک کے عوام اور جیالوں کے تعاون کے ذریعے ناکام بنادیں گے ۔

(جاری ہے)

5جولائی کے دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہاکہ آج سے 38سال قبل 5جولائی کوفوجی آمر جنرل ضیاء نے ملک کے پہلے منتخب جمہور ی وزیر اعظم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا تختہ الٹ دیا تھا ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1971میں بکھرے ہوئے ملک کو اکٹھا کیا ، اس کو آئین دیا ، اور ملک میں بڑے صنعتی یونٹ جیسا کہ اسٹیل ملز، ہیو ی میکنیکل کمپلکس کی بنیاد رکھی ۔ انہوں نے ملک کی دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ایٹمی پروگرام شروع کیا ۔ ایک فرد ایک ووٹ کا نظریہ متعارف کرایا اس کے ساتھ زرعی اصلاحات سمیت بہت سارے تاریخی منصوبے شروع کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ۔

لیکن ایک آمر نے رات کی تاریکی میں ان کا تختہ الٹ کر جمہوریت پہ شب خون مارا کر پاکستان کو پیچھے دھکیل دیا اور اس ملک کے عوام کوعوامی حکمرانی سے محروم کردیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمرانہ قوتیں ، پاکستان کو کھوکھلا کررہے ہیں اور اپنے ذاتی نظریات مسلط کرنے کے لیے ملک کے بانیوں کے خواب چکنا چور کررہے ہیں ۔ قائد اعظم محمد علی جناح، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریے کی مشعل کو ہاتھ میں تھامے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی اپنے خلاف ہونے والی سازشوں کے باوجود جمہوری پاکستان کا مشن جاری رکھے گی ۔

انہوں نے کہا کہ 5جولائی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ دن رہے گا ، کیونکہ اس دن ملک کے عوام کی امیدوں کو قاتل کیا گیا ، انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی کرتے ہوئے جمہوری قوتوں کو نشانہ بناکر انہیں جیلوں میں ڈالا گیا اور کوڑے مارے گئے ، لیکن ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی جان دینے والوں کے خون اور جدوجہد کرنے والوں کے پسینے سے روشن کی ہوئی جمہوریت کی شمع ہمیشہ تابندہ رہے گی ۔

بلاول بھٹو زرداری نے عزم کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس ملک کے فیڈریشن یونٹس کو ایک لڑی میں پرونے والا اپنا کردار جاری رکھے گی ، چے جائیکہ ان کو مزید قیمت ادا کرنی پڑے ۔ پیپلزپارٹی کے خلاف اگر سازشیں ہوئیں تو ان کو اس ملک کے عوام اور جیالوں کے تعاون کے ذریعے ناکام بنادیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی قیادت و کارکنان شہید بے نظیر بھٹو کی فلاسفی ” آپ ایک فرد کوتو قید کرسکتے ہیں لیکن نظریے کو نہیں “” آپ ایک فرد کوتو جلاوطن کرسکتے ہیں لیکن نظریے کو نہیں “” آپ ایک فرد کوتو قتل کرسکتے ہیں لیکن نظریے کو نہیں “پر ہمیشہ گامزن رہیں گے ۔